اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی) عالمی بینک گروپ کے صدر ڈیوڈ مالپاس نے یکم نومبر 2019 کو بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ صدر ایک وفد کی قیادت کر رہے تھے جس میں دو علاقائی نائب صدر اور بینک کے دیگر اعلی عہدیدار شامل تھے۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت/چیئرپرسن بی آئی ایس پی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے عالمی بینک کے صدر …
عالمی بینک گروپ کے صدر ڈیوڈ مالپاس کا بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز کا دورہ
اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی) عالمی بینک گروپ کے صدر ڈیوڈ مالپاس نے یکم نومبر 2019 کو بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ صدر ایک وفد کی قیادت کر رہے تھے جس میں دو علاقائی نائب صدر اور بینک کے دیگر اعلی عہدیدار شامل تھے۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت/چیئرپرسن بی آئی ایس پی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے عالمی بینک کے صدر اور انکے ہمراہ آنے والے وفد کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے معاشرے کے پسماندہ طبقات کی بہتری کے حوالے سے حکومتی عزم کے بارے میں آگاہ کیا اور پاکستان میں غربت اور عدم مساوات پر قابو پانے کیلئے احساس پروگرام کے مثبت کردار کو اجاگر کیا۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے صدر عالمی بینک کو کفالت پروگرام کے نئے ادائیگی کے نظام اور بی آئی ایس پی بورڈ سے منظور شدہ ماں اور بچے کی صحت اور غذائیت کے اقدام کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر عالمی بینک کے ان اقدامات کو بے حد سراہا۔ ڈیویڈ مالپاس نے بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کیساتھ بھی بات چیت کی۔ جنہوں نے بتایا کہ کس طرح سے بی آئی ایس پی کے تعاون سے ان کی زندگیوں میں بہتری آئی اور انہوں نے اپنے چھوٹے کاروبار کا آغاز کیا۔ صدر عالمی بینک نے مستحق خواتین سے ان کو ملنے والی رقم اور بینک سے رقم نکلوانے سے متعلق مختلف سوالات کئے۔ جن پر مستحقین نے انہیں بتایا کہ وہ یہ رقم کھانے پینے کی اشیاءاور بچوں کی تعلیم پر استعمال کرتی ہیں۔ صدر عالمی بینک کو بتایا گیا کہ ملک کے 50 اضلاع میں مشروط مالی معاونت پروگرام کے تحت تعلیم کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور بی آئی ایس پی اس پروگرام کو مزید 50 اضلاع میں وسعت دینے کیلئے تیار ہے۔ صدر عالمی بینک کو لڑکیوں کیلئے تعلیمی وظیفہ میں 1000روپے فی سہ ماہی اضافے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بی آئی ایس پی اور عالمی بینک کے مابین شراکت داری کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ عالمی بینک کی جانب سے دی جانے والی تکنیکی معاونت احساس پروگرام کے معیار کو بہتر کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔









