عالمی درآمد کنندگان نے پاکستانی برآمد کنندگان سے خریداری کو رپورٹنگ کلائمیٹ کمپلائنس سے منسلک کر دیا ہے، میاں کاشف اشفاق

140
Mian Kashif Ashfaq

لاہور۔25اگست (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ عالمی درآمد کنندگان نے پاکستانی برآمد کنندگان سے خریداری کو رپورٹنگ کلائمیٹ کمپلائنس اکتوبر 2023 سے منسلک کر دیا ہے اور اب ہر پروڈیوسر کیلئے لازم ہو گا کہ وہ 2026تک اس پر عملدرآمد یقینی بنائے۔

اتوار کو یہاں حفصہ عبداللہ کی قیادت میں بزنس ویمن کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلی ایک وسیع تر رجحان کا حصہ ہے جس میں ملٹی نیشنل کمپنیاں اپنی سپلائی چینز میں ماحولیاتی، سماجی اور گورننس (ESG) کے معیارات پر پورا اترنے کے لیے کام کر رہی ہیں، اس اقدام سے یہ بات عیاں ہے کہ اشیا کی پیداوار کے طریقہ کار میں ماحولیات سے متعلق شفافیت کی مانگ بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی برآمد کنندگان کو ان تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کی ضرورت ہے کیونکہ درآمد کنندگان 2026تک اس بات کو یقینی بنانے پر زور دے رہے ہیں کہ سپلائرز اس ضمن میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور محض مقامی ضابطوں کی تعمیل کرنے کے بجائے اپنے آپ کو ماحولیاتی اعتبار سے عالمی تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی پروڈیوسرز ان معیارات کو جلد از جلد اپنا کر مسابقتی برتری حاصل کر سکتے ہیں کیونکہ ایسا کرنے میں تاخیر سے ماحولیاتی طور پر باشعور عالمی مارکیٹ میں پیچھے رہ جانے کا خطرہ لاحق ہو گا اور ان معیارات کی عدم تعمیل کے نتیجے میں آرڈرز کم ہو سکتے ہیں یا بعض صورتوں میں کاروباری تعلقات بھی منقطع ہو سکتے ہیں۔