عالمی روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ، قومی ٹیم کے چناﺅ کےلئے ٹرائلزہفتہ کو ہوں گے

121

اسلام آباد ۔ 6 اگست (اے پی پی) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیراہتمام عالمی روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کےلئے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے انتخاب کےلئے ٹرائلز ہفتہ کو اسلام آباد میں ہوں گے جبکہ 10 اگست کو کراچی میں ہوں گے۔ گذشتہ روز پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ نے سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ٹرائلز کی تیاریاں زور و شور پر ہیں اور عالمی روڈ سائیکلنگ کی انفرادی ٹائم ٹرائل چیمپئن شپ رواں سال 20 سے 27 ستمبر تک سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوگی جس میں دنیا بھر سے سائیکلسٹ حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں شرکت کےلئے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ٹرائلز 8 اگست کو صبح 8 بجے چک شہزاد اسلام آباد میں ہوں گے جس میں اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے کھلاڑیوں حصہ لے سکیں گے جبکہ 10 اگست کو دودریا، کراچی میں ہوں گے جس میں سندھ اور بلوچستان کے کھلاڑی حصہ لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرائلز کے بارے میں فیڈریشن کے ساتھ منسلک تمام ایسوسی ایشنز اور اداروں کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے کہ وہ اپنے، اپنے اچھے سائیکلسٹ کو ٹرائلز کےلئے بھیجیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرائلز کے دوران تین کھلاڑیوں کا چناﺅ کیا جائے گا اور عالمی سائیکلنگ چیمپئن شپ میں دو کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کریں گے جبکہ ایک کھلاڑی کو اضافی طور پر رکھاجائے گا۔