23.8 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 26, 2025
ہومتجارتی خبریںعالمی سطح پرمؤثرتجارتی رابطوں کیلئے صنعتی، کاروباری اور برآمدی اداروں کواپنی کمیونیکیشن...

عالمی سطح پرمؤثرتجارتی رابطوں کیلئے صنعتی، کاروباری اور برآمدی اداروں کواپنی کمیونیکیشن سکلز کو مزید بڑھانا ہوگا،قیصر شمس

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 25 اپریل (اے پی پی):عالمی سطح پرمؤثرتجارتی و کاروباری رابطوں کیلئے صنعتی، کاروباری اور برآمدی اداروں کے سربراہوں کو اپنی کمیونیکیشن سکلز کو مزید بڑھانا ہوگا تاکہ وہ اپنے غیر ملکی خریداروں سے بہتر طور پر اپنے معاملات طے کر سکیں۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدرقیصر شمس گچھانے بزنس کمیونٹی کے وفد سے بات چیت میں کہا کہ بڑے اداروں کے پاس تربیت یافتہ افرادی قوت کی کمی نہیں لیکن چھوٹے ودرمیانے درجے کے اداروں کے سربراہوں کو اپنی کمیونیکیشن سکلز کو مزید بڑھانے کیلئے اقدامات کرنا ہونگے کیونکہ اس طرح وہ غیر ملکی خریداروں کے معاملات کو صاف اور شفاف طریقے سے طے کر نے میں مدد حاصل کرسکیں گے۔

انہوں نے کہاکہ اگرچہ فیصل آباد بہت بڑا برآمدی شہر ہے لیکن ابھی تک یہاں کے لوگوں میں بزنس سٹڈی اور مارکیٹنگ ایجوکیشن کے حصول کا رجحان بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مارکیٹنگ اور بزنس ایڈمنسٹریشن کی جانب توجہ دی جائے تو اس کے بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی روایتی تجارت ای کامرس میں تبدیل ہو گئی ہے لہٰذا پاکستان میں بھی کاروبار کو آئی ٹی سے آراستہ کئے بغیر ترقی ممکن نہیں۔انہوں نے بتایاکہ دنیا بھر میں سالانہ 1.5 بلین ڈالر کی آن لائن بینکاری ہو رہی ہے جبکہ سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے ذریعے مصنوعات کی مارکیٹنگ کرکے ان کی طلب اور رسد کو بڑھایا جا سکتا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہاکہ اس وقت دنیاکی کل 7 بلین آبادی میں سے انٹرنیٹ صارفین کی تعداد 2.4 بلین جبکہ موبائل صارفین کی تعداد 5 بلین کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیامیں انٹرنیٹ کی فائیو جی ٹیکنالوجی استعمال ہو رہی ہے چنانچہ جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لا کر کاروبار کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے بے شمار سوفٹ وئیرز کی مدد سے کاروبار کو جدید خطوط پر استوار کیا جاسکتا ہے جس سے نہ صرف سرمایہ کی بچت بلکہ کم ہیومن ریسورس سے زیادہ پیداوار بھی ممکن ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587555

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں