اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات کو عام آدمی تک پہنچنے سے روکنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت نے کورونا وباء کے دوران پیدا ہونے والے مہنگائی کے عالمی بحران میں عوامی ریلیف کو یقینی بنایا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں ملکی اقتصادی صورتحال اور عالمی سطح پر اشیاءِ ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے متعلق اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کے حالیہ دورہ روس اور دونوں ملکوں کے مابین تعلقات پر پیش رفت پر تفصیلی غور کیا گیا، اجلاس میں وفاقی وزراء شوکت فیاض ترین، فواد چوہدری، اسد عمر، مخدوم خسرو بختیار، حماد اظہر اور معاونِ خصوصی ثانیہ نشتر نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی قیمتوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں ۔حکومت نے کورونا وباء کے دوران پیدا ہونے والے مہنگائی کے عالمی بحران میں عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات کو عام آدمی تک پہنچنے سے روکنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
اجلاس کو ملکی مجموعی اقتصادی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حالیہ کشیدگی کی صورتحال کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر چکی ہیں جبکہ گیس کی قیمتوں میں بھی 3 سے 5 گُنا اضافہ ہوا ہے۔
اسکے ساتھ ساتھ اشیاء خوردو نوش بالخصوص پَام آئل (خوردنی تیل) کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو احساس پروگرام کی مختلف سکیموں اور عوامی ریلیف کیلئے ان میں مزید بہتری کیلئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔