اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):امام کعبہ پروفیسر ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید نے کہا ہے کہ انسانی جان کا قتل حرام ہے،غزہ میں مسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے،بین الاقوامی طاقتیں انسانی جانوں کی حرمت کا پاس رکھیں اور نہتے فلسطینیوں کا قتل عام روکنے میں کردارادا کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں ’’شریعہ و قانون کی روشنی میں انسانی جان کی حفاظت‘‘ کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فیصل مسجد کیمپس میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امام کعبہ نے کہا کہ غزہ میں نہتے لوگوں کا قتل عام انسانی تاریخ کا سیاہ ترین دور ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی جان کی حرمت پر اسلام میں خصوصی توجہ دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ شریعت اسلامی میں دین اور انسانی جان کی عقیدہ کی تفریق کے بغیر خاص اہمیت ہے۔ انسانی جان کے تقدس کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رب کریم نے انسانی جان کی قسم تک اٹھائی ہے اور دین اسلام انسانی جان کے ضیاع کو سختی سے منع کرتا ہے۔ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ نے کہا کہ انسانی جان کو بلاوجہ قتل کرنے والے کے لیے جہنم کی وعید ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی اور اسلامی یونیورسٹی کی خدمات قابل ستائش ہیں،بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی تعریف کرتا ہوں کہ اہم ترین موضوع پر کانفرنس کا اہتمام کیا،اسلامی فقہ اکیڈمی جدہ اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کا جاری تعاون اہم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلم ممالک کے تعلیمی و تحقیقی ادارے باہمی اشتراک و تعاون پر توجہ دیں۔
امام کعبہ نے کہا کہ پاکستان کے لوگ محبت کرنے والے ہیں اور پاکستان مہمان نواز ملک ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانفرنس کے موضوع پر مقالات اور سکالرز کے ذریعے اہم تجاویز اور سفارشات سامنے آئیں گی۔ اس موقع پر نگران وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر مدد علی سندھی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورا پاکستان دورے پر امام کعبہ کا شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان امت مسلمہ کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ساتھ تعاون جاری رہےگا۔ فلسطین کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ فلسطین کی حالت زار پر مغموم ہے،انسانی جان کی حفاظت پر کانفرنس وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام پر امن بقائے باہمی اور امن کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت النبی کے موضوع پر اسلامی یونیورسٹی کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر ثمینہ ملک نے کہا کہ غزہ کے مسلمانوں کے لیے دعا گو ہیں اور یہ کانفرنس ایسے ہی اہم موضوعات پر جامعہ کے اقدامات کی غماز ہے ۔ انہوں نے اسلامی یونیورسٹی کے ساتھ مسلسل تعاون پر خادمین الحرمین الشریفین کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر جامعہ ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے کہا کہ آج مبارک دن ہے کہ امام کعبہ ہماری دعوت پر کانفرنس میں شرکت کے لیے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خادمین الحرمین الشریفین کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ ان کا تعاون جامعہ کے ساتھ جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعات کا معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ہے،جامعہ امت مسلمہ کے مسائل کے حل کے لیے پروگراموں اور کانفرنس کا انعقاد تواتر سے کرتی رہتی ہے۔
ڈاکٹر ھذال نے کہا کہ اسلامی فقہ اکیڈمی جدہ کی جانب سے کانفرنس میں اشتراک پر ممنون ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جامعات تعمیری مباحثہ کے فروغ میں کردار ادا کریں۔ اس تقریب میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی
، جامعہ کے نائب صدور اور کئی ایک ممالک کے سفارت کاروں،جامعہ کے اساتذہ و طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ امام کعبہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی کانفرنس میں شرکت کے لیے اسلام آباد کے دورے پر ہیں۔ وہ جمعہ کے روز فیصل مسجد میں نماز جمعہ کی بھی امامت کریں گے۔