عالمی قوتیں پاک بھارت مذاکرات میں ڈیڈ لاک ختم کروانے بھارت پر دباؤ بڑھائیں ،سپیکر چوہدری لطیف اکبر

49
Chaudhry Latif Akbar

مظفرآباد۔24اکتوبر (اے پی پی):آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے باوقار دیرپا حل کیلئے اقوام متحدہ کے چارٹر سیکورٹی کونسل کی منظور شدہ قراردادں کے مطابق ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کو انکا حق خودارادیت نہ دیا گیا تو دو ایٹمی ممالک کے درمیان جاری کشیدگی جنگ وجدل میں تبدیل ہو سکتی ہےجس سے عالمی امن ریزہ ریزہ ہو سکتا ہے ۔ک

شمیر کا آتش فشاں پہاڑ دنیا بھر کیلئے کھلا چیلنج ہے،عالمی قوتیں پاک بھارت مذاکرات میں ڈیڈ لاک ختم کروانے اور کمپوزٹ ڈائیلاگ اقدامات برائے بحالی اعتماد کیلئے روڈ میپ طے کرنے کی خاطر بھارت پر دباؤ بڑھائیں، کشمیر اور فلسطین کی بستیوں میں انسانی لاشے اور انکے بکھرے اعضاء دونوں اتحادی ممالک کی جارحیت عالمی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزیوں کی منہ بولتی داستانیں ہیں، آزاد کشمیر کا حقیقی یوم تاسیس اسی دن منایا جائے گا جب مقبوضہ جموں و کشمیر بھارت کے جابرانہ قبضہ سے آزاد ہو کر اپنی حقیقی منزل نہیں حاصل کر لیتا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز ہائی کورٹ گراؤنڈ میں 76 ویں یوم تاسیس کے سالانہ قومی اجتماع میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

چوہدری لطیف اکبر نے کہا ڈیڈ لاک امن مذاکرات میں سال ہا سال سے تعطل سے پیدا ہونے والی اشتعال انگیز صورت حال سے نمٹنے کیلئے انٹرا کشمیر کانفرنس کا انعقاد ناگزیر ہو چکا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی بنیاد پرست پالیسیوں نے بھارت کی اپنی سالمیت کو خطرات میں دھکیل دیا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کبھی بھی دوطرفہ مذاکرات کامیاب نہیں ہوئے جب تک تیسرے فریق کو شامل نہ کیا گیا ہو اس لئے مسلئہ کشمیر کا پرامن حل سہہ فریقی مذاکرات میں ممکن ہے کیونکہ اصل فریق بھی کشمیری عوام ہے اور تین نسلوں سے قربانیوں کا تسلسل بھی انہی نے جاری رکھا ہوا ہے،مسئلہ کشمیر پر وفاقی حکومت دونوں اطراف کی کشمیری قیادت کو اعتماد سازی کے عمل میں شامل کر کے از سر نو کشمیر پالیسی پر توجہ مرکوز کرے، تاریخ کشمیر کے پس منظر پیش منظر اور ائینی قانونی پہلوؤں پر گرفت رکھنے والی شخصیات کے وفود بیرون ممالک بھیجیے جائیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا مقبوضہ جموں کشمیر کو فوجی چھاونی میں تبدیل کر دیا گیا ہے انسانی اور شہری حقوق کو پس پشت ڈال کر ظلم و بربریت کا دور مسلط کر دیا گیا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے پاکستان اور کشمیر پر جارحیت کا ماحول پیدا کرنے میں مگن ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کہا پاکستان اس وقت خود معاشی اقتصادی مشکلات اور دہشت گردی کے خاتمے میں صف اول کا کردار ادا کر رہا ہے جس نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کا ہر پہلو سے تحفظ کیا۔

بہادر افواج پاکستان نے تین جنگیں لڑتے ہوئے قوت ایمانی اور قومی غیرت بہادری جراتمندانہ تاریخ رقم کی۔ انھوں نے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکے ورثاء کو یقین دلایا کہ کمی کوتاہی سرزد ہو سکتی ہے مگر اس آزادی کے مقدس مشن کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے ۔اس سے قبل جب سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر پنڈال میں پہنچے تو انکا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔تقریب کے اختتام پر سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے تمام مکاتب فکر کے زعماء سے ملاقاتیں کیں اور ان سے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔