پشاور۔ 04 فروری (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم کا شکار ہیں،عالمی مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔
عالمی برادری کی یہ اخلاقی اور قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو غیر قانونی اقدامات اورکشمیری عوام پر ظلم و جبر سے روکے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پراپنے ایک پیغام کیاہے۔ گورنرنے کہاہے کہ آج 5 فروری، یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔ یہ دن ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ہر ممکن اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں پوری دنیا کے سامنے عیاں ہیں۔ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے ظلم، جبر اور ریاستی دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن ان کے حوصلے اور عزم میں کوئی کمی نہیں آئی۔ بعد میں بھارتی حکومت کی طرف سے 5 اگست 2019 کو بھی کیے گئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی ایک نئی لہر کو جنم دیا، جس نے خطے میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو مزید سنگین بنا دیا۔
گورنرنے کہاکہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور ہر عالمی فورم پر ان کے مقدمے کو اجاگر کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ اقوام متحدہ کی قراردادیں اور کشمیری عوام کی امنگیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔
عالمی برادری کی یہ اخلاقی اور قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو اس کے غیر قانونی اقدامات اورکشمیری عوام پر ظلم و جبر سے روکے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔گورنرنے کہاکہ کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتا ہوں، امید ہے وہ دن جلد آئیگا جب کشمیری عوام آزادی کی فضا میں سانس لے سکیں گے۔ صوبہ خیبرپختونخوا سمیت پورے پاکستان کی عوام ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اُن کے حق خودارادیت کے حصول تک کھڑی رہے گی۔