واشنگٹن۔19نومبر (اے پی پی):عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ عالمی معیشت کوویڈ19 کے بحران سے بحالی کی راہ میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہی ہے اس لئے اقوام کو بحالی میں مدد کے لئے میڈیکل ٹیکنالوجیز میں حائل تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنا چاہئے۔ منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کی اس ہفتے جی۔20 رہنمائوں کے سربراہی اجلاس کے حوالے سے کال اس وقت سامنے آئی ہے جب ممالک وبائی مرض کورونا کی صورتحال سے گزر رہے ہیں اور یہ وباءلاکھوں افراد کی ہلاکت اور ترقی کے عمل میں رکاوٹ کا باعث بنی ہے۔ جمعرات کو اپنے ایک بلاگ میں کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ بڑی دوا ساز کمپنیاں کورونا وائرس کے خلاف ویکسین تیار کر رہی ہیں اگرچہ اب کورونا بحران کا طبی حل نظر آ رہا ہے لیکن اس کے باوجود معاشی بحالی کا راستہ کٹھن اور مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وبائی مرض میں دوبارہ اضافہ اس امر کا عکاس ہے کہ جب تک ہم کورونا کو شکست نہیں دیں گے اس وقت تک پائیدار معاشی بحالی کہیں بھی حاصل نہیں کی جا سکتی۔