عالمی معیشت کے تسلسل میں جہازرانوں کا کردار ناگزیر ،پاکستان زیادہ مستحکم، محفوظ اور جامع بحری مستقبل کی تعمیر کیلئے پرعزم ہے،وفاقی وزیرمحمدجنیدانوارچوہدری

2

اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے پاکستان کی جانب سے سمندری تحفظ کو مضبوط بنانے، کام کے بہتر حالات فراہم کرنے اور ملکی سمندری برادری کے لیے وسیع تر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔بین الاقوامی یومِ جہازرانان کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیرنے دنیا بھر کے جہازرانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں اور خدمات کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی معیشت کے تسلسل میں جہازرانوں کا کردار ناگزیر ہے اور یہ پیشہ ور افراد سمندر میں اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے جن ذاتی و پیشہ ورانہ چیلنجز کا سامنا کرتے ہیں، وہ قابلِ تحسین ہیں۔وفاقی وزیر نے بین الاقوامی تجارت کے تسلسل کو برقرار رکھنے میں جہازرانوں کی مسلسل وابستگی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ یہ افراد اپنے اہل خانہ سے دور اور مشکل حالات میں کام کرتے ہوئے بھی عالمی سپلائی چینز کو متحرک رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے عالمی بحرانوں خصوصاً کوویڈ-19 وبا کے دوران پاکستانی جہازرانوں کے حوصلے کی تعریف کی، جب متعدد جہازران سمندری فرائض انجام دیتے رہے۔وفاقی وزیر نے انہیں قوم کا فخر قرار دیا اور کہا کہ ان کی استقامت نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔وزارتِ بحری امور نے بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیش کے تعاون سے جدید تربیتی پروگرامز بھی متعارف کرائے ہیں جو ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مہارتوں کو مضبوط بنانے اور ذہنی صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے پر مرکوز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل کے سمندری پیشہ ور افراد کی تیاری کے لیے قومی و بین الاقوامی میری ٹائم اکیڈمیوں کے ساتھ شراکتیں انتہائی اہم ہیں۔ان شراکتوں کے ذریعے عالمی سطح پر تسلیم شدہ تربیت اور اسناد فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ پاکستانی جہازران عالمی منڈی میں مسابقت قائم رکھ سکیں۔مستقبل کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے جنید انوار چوہدری نے حکومت کے اس وژن پر روشنی ڈالی جس کے تحت پاکستان کو ایک سرکردہ بحری ملک کے طور پر ابھارنے کی حکمت عملی بنائی گئی ہے۔

اس میں بندرگاہوں اور شپ یارڈز کی جدید کاری، بحری آپریشنز کی ڈیجیٹل تبدیلی اور عالمی ماحولیاتی و حفاظتی معیارات سے ہم آہنگی شامل ہے۔انہوں نے سمندری پیشہ ور افراد کے حقوق اور فلاح کے تحفظ کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی جہازران برادری کے اہم کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے اور ایک زیادہ مستحکم، محفوظ اور جامع بحری مستقبل کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے۔