اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے کہاہے کہ عالمی منڈیوں میں کوئلہ کی قیمت میں کمی سے پاکستان کو لاکھوں ڈالرکی بچت حاصل ہوگی،سرفہرست 100 کمپنیوں کی سیلز میں اضافہ 2,000 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ پیرکوسماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ٹوئٹرپرجاری ٹویٹس میں انہوں نے کہاہے کہ گزشتہ چند ماہ میں پاکستان کی جانب سے کوئلہ کی درآمد میں دوگنا اضافہ ہواہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ بات خوش آئند ہے کہ عالمی منڈیوں میں کوئلہ کی قیمت میں کمی آرہی ہے جس سے پاکستان کو لاکھوں ڈالرکی بچت حاصل ہوگی۔ ترجمان نے بتایا کہ ملک میں کاروبار اورخوردہ فروشی میں نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔ سرفہرست 100 کمپنیوں کی سیلزمیں اضافہ اب 2,000 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے،
جو پچھلے سال کے مقابلے 70 فیصدزیادہ ہے ۔ 2018 کے مقابلے میں ریٹیل بزنس میں تقریباً33 فیصداضافہ ہواہے ۔ انہوں نے کہاکہ ان اعدادوشمارسے ملک میں بہتر قوت خرید کے ہمارے دعوے کی توثیق ہورہی ہے۔ ترجمان نے اپنی ٹویٹس میں اس حوالے سے دستاویزات بھی شئیرکی ہیں۔