عالمی منڈی میں تیل اور ڈالر کی قدر میں کمی کی وجہ سے آئندہ ماہ عوام کو بڑا ریلیف ملے گا، وفاقی وزیر برائے بجلی انجینئر خرم دستگیر خان

136

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بجلی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل اور ڈالر کی قدر میں کمی کی وجہ سے آئندہ ماہ سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں عوام کو بڑا ریلیف ملے گا، حکومت نے اب تک 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین، کسانوں اور سیلاب زدگان کو بجلی کے بلوں کی مد میں 65 ارب روپے کا ریلیف مہیا کیا ہے۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پچھلے مہینوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے گرانی آئی تھی جس سے عوام کو تکلیف ہوئی، جون میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ اگست میں بجلی کے بلوں میں شامل ہوئی جو 10 روپے تھی، اب تیل کی قیمتوں میں کمی ہوگئی ہے، ڈالر کی قدر میں بھی کمی آئی ہے اس لئے آئندہ ماہ سے بجلی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قیمت کم ہوکر دس پیسے ہوگئی ہے، اس سے اگلے ماہ کے بلوں میں واضح ریلیف ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر عوام کو مالیاتی ریلیف فراہم کیا گیا ہے، اس ماہ بجلی کے بلوں میں بھی کمی آئی ہے تاہم اگلے ماہ سے عوام کو واضح ریلیف ملے گا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر 200 سے لے کر 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین، کسانوں اور سیلاب زدگان کو ریلیف دینے کے لئے اب تک 65 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج ایوان کے اجلاس میں اسلم بھوتانی نے اپنے اور حب کے علاقے میں بجلی کے کارخانوں سے ماحولیاتی نقصان اور مقامی طور پر روزگار کے کچھ ایشوز اٹھائے ہیں، میں اسلم بھوتانی کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ آنے والے دنوں میں بجلی کے کارخانوں کے چیفس اور عہدیداران کی ان سے میٹنگ کرائیں گے اور ان کے تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنیوں کی جو مقامی ذمہ داریاں ہیں انہیں پورا کرنے کی بھی بھرپور کوشش کی جائے گی۔\932