عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے ہمیں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا۔شاہ محمودقریشی

43
ملک میں معیشت مستحکم ہو رہی ہے، ہم معاشرے کے تمام طبقات کیلئے شفاف احتساب کے قائل ہیں ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو
ملک میں معیشت مستحکم ہو رہی ہے، ہم معاشرے کے تمام طبقات کیلئے شفاف احتساب کے قائل ہیں ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

ملتان۔16اکتوبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تمام اداروں سے مثالی تعلقات ہیں۔ حکومت سے باہر بیٹھے لوگوں کیلئے صرف صبر کی دعا کر سکتا ہوں۔ حکومت ختم ہونے کی اپوزیشن کی خواہش پوری نہیں ہو سکتی۔لولی لنگڑی اپوزیشن سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،آئینی مدت پوری کریں گے ۔

اگلی باری پھر ہماری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گزشتہ روز اپنے حلقہ انتخاب این اے 156 میں مختلف مقاما ت پر تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شاہ محمودقریشی نے مزید کہاکہ کورونا کی عالمی وبا نے پوری دنیا کی معیشت کو متاثر کیا ہے اوراسی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے ہمیں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑالیکن پھر بھی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جا ئے ۔

مہنگائی موجودہ حکومت کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے، مہنگائی کی وجوہات اس کے اندرونی اور بیرونی عوامل اور ان سے نبرد آزما ہونے کی حکمت عملی طے کی جارہی ہے اور ہماری اقتصادی ٹیم اس پر ہوم ورک کررہی ہے جس کے انشاءاللہ مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

معاشرے کے محروم طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔

جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں اور بلخصوص افغانستان میں امن کی خواہش رکھتے ہیں ۔ پاکستان ایک پر امن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے۔ا من کا قیام خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔

خطے میں امن کے قیام سے تعمیر و ترقی کا حصول ممکن ہو سکے گا، ہم نے خطے میں امن کیلئے بھاری قربانی دی ہے۔ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں معاشی صورتحال نہ بگڑے۔

کچھ قوتیں افغانستان کے حالات خراب کرنا چاہتی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ امن مخالف قوتیں جو افغانستان کی مخدوش صورتحال سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہیں انہیں موقع نہ مل سکے۔ہم نے عالمی برادری کوبھی ایسی قوتوں بارے آگاہ کردیا ہے۔ پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔