عالمی منڈی میں خام تیل کے نرخوں میں اضافہ، رواں سال کی بلند ترین سطح پر رہے

96

انقرہ ۔ 2 اپریل (اے پی پی) عالمی منڈی میں خام تیل کے نرخ رواں سال کی اب تک کی بلند ترین سطح پر رہے جس کی وجہ امریکی شیل پیداوار میں کمی کے ساتھ ساتھ وینزویلا ، ایران اور اوپیک پلس ملکوں کی جانب سے سپلائی میں کمی ہے۔ایران اور وینزویلا کی سپلائی امریکی پابندیوں کے باعث جبکہ اوپیک پلس ملکوں کی پیداوار بین الاقوامی معاہدے کے باعث کم ہوئی ہے۔منڈی میں برنٹ نارتھ سی کروڈ کے منگل کے روز نرخ بڑھ کر 69.76 ڈالر فی بیرل رہے جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے سودے بھی بڑھ کر 62 ڈالر فی بیرل تک جاپہنچے۔بین الاقوامی توانائی ایجنسی آئی ای اے کے مطابق امریکی پابندیون کے باعث ایران کی پیداوار 2018 ءکی سطح 3.85 ملین بیرل یومیہ سے کم ہوکر رواں سال 2.65 ملین بیرل یومیہ تک آنے کا امکان ہے۔اسی طرح وینزویلا کی پیداوار بھی 1.31 ملین بیرل یومیہ کی 2018 ءکی سطح سے کم ہوکر رواں سال 7 لاکھ 50 ہزار بیرل یومیہ تک آسکتی ہے۔