عالمی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس، کوپ 28 میں پاکستان متحرک کردار ادا کرتے ہوئے 28 عالمی ایونٹس میں فعال طور پر حصہ لے رہا ہے

163
او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور جی ایچ پی ایل کے کوپ 28 میں ڈ ی کاربونائزیشن چارٹر پر دستخط

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):عالمی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس، کوپ 28 میں پاکستان متحرک کردار ادا کرتے ہوئے مختلف نقطہ نظر اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منصوبوں پر بات چیت کے لیے 28 عالمی ایونٹس میں فعال طور پر حصہ لے رہا ہے۔ منگل کو یہاں جاری ہونے والی ایک نیوز ریلیز میں کہا گیا ہے کہ "مالیات/تجارت/صنفی مساوات/احتساب” اور "انرجی اینڈ انڈسٹری/جسٹ ٹرانزیشن/انڈیجینس پیپلز” کے مرکزی موضوعات کے تحت پاکستان پویلین نے کامیابی کے ساتھ کل 10 ایونٹس کا انعقاد اور میزبانی کی ہے۔

پاکستان کا کھلے پن اور تعاون کے لیے عزم اس عالمی پلیٹ فارم پر مختلف اداروں کے اپنے اقدامات کو پیش کرنے کے انداز سے ظاہر ہوتا ہے۔ وزارت منصوبہ بندی، سندھ پیپلز ہائوسنگ فائونڈیشن ، یو این ویمن، ڈینش انرجی ایجنسی اور پائیدار توانائی اور اقتصادی ترقی کے پروگرام کے اہم مباحثوں سے حاصل کردہ قیمتی بصیرت پر توجہ مرکوز رہی۔ اس موقع پر منصوبہ بندی کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کوپ 28 پینل بعنوان "ماحولیاتی مالیات کی توسیع کے لیے فروغ ادارہ جاتی تعاون” کا اہتمام کیا گیا۔

پلاننگ کمیشن کی رکن نادیہ رحمن کی زیر نگرانی، سیشن میں پاکستان کی موسمیاتی مالیاتی ضروریات کے لیے نجی سرمایہ کاری اور بین الاقوامی تعاون کو راغب کرنے کی حکمت عملیوں پر غور کیا گیا۔ منصوبہ بندی کی وزارت کے سیکرٹری اویس منظور نے تمام ایجنسیوں کے منصوبوں کی تیاری میں پائیدار مالیاتی بیورو کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے زور دیا کہ موثر تعاون موسمیاتی مالیاتی اقدامات کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

سندھ پیپلز ہائوسنگ فائونڈیشن نے 2022 کے سیلاب کے بعد موسمیاتی عمل کو آگے بڑھانے اور لچک پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ایک اہم اجلاس کا اہتمام کیا۔ سیشن میں سندھ پیپلز ہائوسنگ فائونڈیشن اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے درمیان تعاون پر مبنی کوششوں کو دکھایا گیا جس کا سندھ میں موسمیاتی لحاظ سے مضبوط 20 لاکھ لچکدار مکانات کی تعمیر کرنا ہے۔

سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر نے ڈونر پلیٹ فارم متعارف کرایا، جو اسٹیک ہولڈرز اور وسائل کو متحد کرنے کے لیے ایک تعاون پر مبنی اقدام ہے۔ عالمی برادری کو اس تبدیلی کے اقدام میں فعال طور پر شامل ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔

اس موقع پر عالمی بینک سے اظہار تشکر کیا اور اسلامی ترقیاتی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ پینل ڈسکشن کے دوران آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے شرکاء نے مختلف اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل گفتگو میں حصہ لیا۔ بات چیت اس بات پر توجہ دی گئی کہ تیل اور گیس کی صنعت کس طرح ماحولیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے اور ماحولیاتی حالات کو بہتر بنانے میں مثبت کردار ادا کر سکتی ہے۔

یو این ویمن نے کوپ 28 میں صنفی دن کے لیے نمایاں کردار ادا کیا اور منصفانہ منتقلی کیلئے جامع پالیسیوں پر زور دیا۔ یو این ویمن اور وزارت موسمیاتی تبدیلی نے پاکستان پویلین میں دو ایونٹس کی مشترکہ میزبانی جن میں صنف، آب و ہوا اور سلامتی کے باہمی ربط کو اجاگر کیا گیا۔

بات چیت میں قومی اور بین الاقوامی اداروں، موسمیاتی کارکنوں، نوجوانوں، نجی شعبے اور مالیاتی اداروں کے نقطہ نظر کو شامل کیا گیا۔ پاکستان پویلین اور سسٹین ایبل انرجی اینڈ اکنامک ڈیولپمنٹ پروگرام کے درمیان تعاون خیبر پختونخوا اور پاکستان میں موسمیاتی سرمایہ کاری کے امکانات کو تلاش کرنے پر مرکوز ہے۔

اس تقریب میں سرمایہ کاری کے امکانات پر ایک نمائش کا اہتمام کیا گیا، جس کے بعد ماہرین کے ساتھ پینل ڈسکشن کا آغاز ہوا۔ عنوانات میں کاربن مارکیٹ، گرین معیارات، فطرت پر مبنی حل، اور پاکستان، خاص طور پر کے پی میں سرمایہ کاری کے مواقع شامل تھے۔ موسمیاتی تبدیلی کی وزارت کے سیکرٹری نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور موسمیاتی مالیات اور کاربن مارکیٹوں میں مستقبل کے اقدامات کے لیے حمایت کا یقین دلایا۔ بات چیت میں ماحولیاتی چیلنجوں سے جامع طور پر نمٹنے، عالمی تعاون کو فروغ دینے اور ایک پائیدار اور لچکدار مستقبل کی تعمیر کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا گیا۔