عالمی نمبر ایک ایگا شیاں ٹیک اورآرینا سبالینکایو ایس اوپن ٹینس ویمنز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئیں

91
Tennis Championship
Tennis Championship

نیویارک۔8ستمبر (اے پی پی):پولینڈ کی نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک ایگا شیاں ٹیک اور بیلاروس کی آرینا سبالینکا اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے یو ایس اوپن ٹینس ویمنز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئیں جبکہ امریکی ٹینس سٹار جیسیکا پیگولا اور جمہوریہ چیک کی کیرولیناپالیسکووا کوارٹر فائنل رائونڈ میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے امریکا کے شہر نیویارک کے آرتھر ایشے سٹیڈیم میں جاری ہیں۔

ویمنز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں پائولش عالمی نمبر1 ایگا شیاں ٹیک نے دلچسپ مقابلے کے بعد حریف امریکی ٹینس سٹار جیسیکا پیگولا کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 6-7(4-7)سے ہرا کر یو ایس اوپن ویمنز سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ پولینڈ سے تعلق رکھنے والی 21 سالہ ایگا شیاں ٹیک رواں سیزن میں سٹینڈ آؤٹ ڈبلیو ٹی اے پلیئر رہی ہیں۔ ایک اور کوارٹر فائنل میچ میں بیلاروس کی آرینا سبالینکا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے جمہوریہ چیک کی کیرولینا پالیسکووا کو 1-6 اور 6-7(4-7) سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔