عالمی یومِ انسدادِ منشیات کے موقع پر ینگ پاکستانیز آرگنائز یشن اور ڈرگ ری ہبلی ٹیشن سنٹر سوشل ویلفیئر ملتان کے زیراہتمام خصوصی سیمینار کا انعقاد

2

ملتان ۔ 26 جون (اے پی پی):عالمی یومِ انسدادِ منشیات کے موقع پر ینگ پاکستانیز آرگنائز یشن اور ڈرگ ریہیبلیٹیشن سنٹر سوشل ویلفیئر ملتان کے زیراہتمام خصوصی سیمینار بعنوان ”نوجوانوں میں منشیات کا بڑھتا ہوا استعمال ، اسباب اور سدباب “ اور آگاہی واک کا انعقاد DRC ملتان میں کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایس ایس پی، چیف ٹریفک آفیسر ملتان سردار موارہن خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کی روک تھام کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا ،نئی نسل میں منشیات کا بڑھتا ہوا استعمال ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے ،سٹی پولیس آفیسر ملتان ڈی آئی جی، صادق علی ڈوگر اس پر بہت زیادہ توجہ دے رہے ہیں اور انہوں نے تمام ایس ایچ اوز کو سختی سے ایسے منشیات فروش عناصر کیخلاف کاروائی کا حکم دیا ہوا ہے، اس کے علاوہ ڈی آر سی کے ذریعہ منشیات کے عادی افراد کو اس موذی مرض سے نجات دلانے کی کوشش کی جارہی ہیں ،ان کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لیے ان کی تربیت کرنے کے ساتھ ساتھ اگر ان میں سے کوئی ڈرائیونگ سیکھنے کا خواہاں ہے تو اس کو ڈرائیونگ سکول سے تربیت دے کر لائسنس فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ باعزت روزگار کما سکے۔

اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر جعفر بخاری نے کہا کہ پاکستان میں 76 لاکھ افراد منشیات استعمال کرتے ہیں اور سالانہ 40 ہزار کا اضافہ ہورہا ہے ،اب پاکستان کا شمار منشیات سے متاثرہ ممالک میں ہوتا ہے،لمحہ فکریہ یہ ہے کہ ہیروئین کے عادی افراد کی اکثریت 24 سال سے کم ہے اور سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہماری نئی نسل کو تباہ کیا جارہاہے اور تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کو مختلف ذرائع سے منشیات کا عادی بنایا جا رہا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عبدالعزیز خان، ڈی ایس پی گلگشت ارشد قیوم، صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم اور میزبان اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سمیرا ستار سپرنٹنڈنٹ ڈی آر سی نے کہا کہ شوقیہ اور بظاہر نشہ نہ لگنے والی اشیاء درحقیقت نوجوانوں کو گمراہ کررہی ہیں ۔شیشہ ، سگریٹ، پان، گٹکا، الیکٹرک سگریٹ جیسے چھوٹے نشے نوجوانوں کو بڑے نشوں کی طرف مائل کرتے ہیں ،ان کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ ہمیں نئی نسل میں ان کے استعمال کے نقصانات کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے،شوقیہ نشہ نسل نو کو برباد کر رہے ہیں۔ دیگر مقررین اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد میثم صدیقی، عظمی امین سائیکالوجسٹ

ایس ایچ او ارم حنیف، ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر ریاض حسین، کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف) پنجاب کے انسپکٹرز محمد زبیر، عبدالقدیر، عبداللطیف، انسپکٹر سٹی ٹریفک پولیس سہیل احمد، پبلک ریلیشن آفیسر سوشل ویلفیئر ملتان ڈویژن محمد نبیل خان، رشید عباس رشید، رانا حاکم علی نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار کے اختتام پر آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک کی قیادت چیف ٹریفک آفیسر ملتان سردار موارہن خان نے کی۔