ملتان۔ 07 اپریل (اے پی پی):عالمی یومِ صحت کی مناسبت سے محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب اور شعبہ فوڈ سانئسنز بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے زیراہتمام پیر کو ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سپیشل سیکریٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین نے بطور مہمان ِخصوصی سیمینار میں شرکت کی۔
چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف فوڈ سائنسز ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر طارق اسماعیل، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر خرم افضل، چلڈرن اسپتال کی نیوٹریشنسٹ ڈاکٹر سعدیہ نے اس موقع پر موجود تھیں۔سیمینار میں مختلف فوڈ پراسسنگ یونٹس کے مالکان اور نمائندگان سمیت فوڈ سائنسز اینڈ نیوٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔سپیشل سیکریٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں میں لوگوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
ماں بچے کی صحت بارے آگاہی دینا اولین ترجیح ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "صحت مند پنجاب ” وژن کو عملی جامہ پہننانے کے لیے جامع ہیلتھ ریفارمز کا آغاز کردیا گیا ہے۔اس موقع پر شرکاء کا کہنا تھا کہ عالمی یوم صحت منانے کا مقصد لوگوں کو صحت کی بنیادی اور ضروری اہمیت بارے آگاہی دینا ہے۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ماں اور بچے کی صحت، ماں کے دودھ کی افادیت اور صحت عامہ پر خصوصی توجہ دی جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579113