عالمی یوم حیوانات کے موقع پر لاڑکانہ میں خصوصی تقریب اور آگاہی ریلی کا انعقاد

عالمی یوم حیوانات پر لاڑکانہ میں خصوصی تقریب اور آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں جانوروں کی فلاح و بہبود اور ذمہ دارانہ دیکھ بھال پر زور دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق عالمی یوم حیوانات کے موقع پر ’’ان کی آنکھوں سے دنیا کو دیکھیں‘‘ کے عنوان سے لاڑکانہ میں لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کے تعاون سے خصوصی تقریب اور آگاہی ریلی کا انعقاد کیا …

لاڑکانہ۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):عالمی یوم حیوانات پر لاڑکانہ میں خصوصی تقریب اور آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں جانوروں کی فلاح و بہبود اور ذمہ دارانہ دیکھ بھال پر زور دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق عالمی یوم حیوانات کے موقع پر ’’ان کی آنکھوں سے دنیا کو دیکھیں‘‘ کے عنوان سے لاڑکانہ میں لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کے تعاون سے خصوصی تقریب اور آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک پروڈکشن لاڑکانہ ڈاکٹر اسداللہ بھٹو نے کی۔تقریب اور آگاہی ریلی کا مقصد جانوروں کی فلاح و بہبود، بہتر دیکھ بھال، صحت اور ان کے حقوق و ضروریات کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنا تھا۔تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک اینیمل ہسبنڈری لاڑکانہ ڈاکٹر منصور علی جونیجو، ایڈیشنل ڈائریکٹر اینیمل ہسبنڈری لاڑکانہ ڈاکٹر اختر علی کلہوڑو، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک پروڈکشن لاڑکانہ ڈاکٹر عبد الستار سرھیو، ٹیکنیکل آفیسر ڈاکٹر نبی بخش بھٹو، ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر محن علی سولنگی سمیت دیگر ویٹرنری افسران، ریجنل جنرل منیجر، ڈسٹرکٹ منیجر اور ایس آر ایس او کے بروک پراجیکٹ کے پراجیکٹ فوکل پرسن (PFP) سمیت متعلقہ حکام اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔اس موقع پر آگاہی ریلی بھی نکالی گئی، جس میں شرکاء نے جانوروں کی فلاح و بہبود، بہتر دیکھ بھال اور ان کے ساتھ ہمدردانہ رویے کے حوالے سے پیغامات اجاگر کیے۔ ریلی کے شرکاء نے عوام پر زور دیا کہ جانوروں کو مناسب خوراک، صاف پانی، محفوظ ماحول اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک پروڈکشن لاڑکانہ ڈاکٹر اسداللہ بھٹو نے کہا کہ جانور بھی احساس اور تکلیف رکھنے والی مخلوق ہیں، اس لیے ان کے ساتھ ہمدردی، ذمہ داری اور بہتر رویہ اختیار کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جانوروں کی صحت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، جبکہ مویشی پال حضرات جانوروں کو مناسب خوراک، صاف پانی، محفوظ ماحول اور بروقت طبی سہولیات فراہم کریں۔ڈاکٹر اسداللہ بھٹو نے مزید کہا کہ ’’ان کی آنکھوں سے دنیا کو دیکھیں‘‘ کا پیغام ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ جانوروں کی ضروریات اور تکالیف کو بھی سمجھا جائے اور ان کے ساتھ ایسا برتاؤ کیا جائے جو انسانیت، ہمدردی اور ذمہ داری کا عکاس ہو۔ انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ جانوروں کی صحت، علاج معالجے اور فلاح و بہبود کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہا ہے۔تقریب کے دوران مقررین نے کہا کہ جانوروں کی بہتر دیکھ بھال نہ صرف ان کی زندگیوں میں بہتری لاتی ہے بلکہ مویشی پال افراد، کسانوں اور معاشرے کی مجموعی فلاح و بہبود میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ جانوروں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے، بروقت علاج، مناسب خوراک اور صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کے حوالے سے بھی شرکاء کو آگاہی دی گئی۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ جانوروں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے سرکاری اداروں، غیر سرکاری تنظیموں، سول سوسائٹی اور عوام کو مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ جانوروں کے ساتھ ذمہ دارانہ اور ہمدردانہ رویے کو فروغ دیا جا سکے۔تقریب اور آگاہی ریلی کے اختتام پر عالمی یوم حیوانات کے پیغام کو عام کرنے اور جانوروں کی فلاح و بہبود کے لیے آگاہی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔