راولپنڈی۔1مارچ (اے پی پی):عالمی یوم شہری دفاع کے موقع پر گورنمنٹ وقار النساء پوسٹ گریجویٹ کالج راولپنڈی میں شہری دفاع کا شاندار عملی مظاہرہ کیا گیا جس میں طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ مظاہرے کے دوران ایک نارمل شہری زندگی کی منظر کشی کی گئی، دشمن کے اچانک ہوائی حملہ پر شہری دفاع کے رضاکاروں نے سائرن بجا کر شہریوں کو اس بارے میں مطلع کیا اور زخمی مریضوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی۔
شدید زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے لئے ریسکیو 1122 کو کال کی گئی جنہوں نے ایمبولینس کے ذریعے مریضوں کو ہسپتال پہنچایا۔ اس دوران سول ڈیفنس بم ڈسپوزل نے دھماکہ خیز مواد کی تلاش جاری رکھی اور بم کو خصوصی حفاظتی لباس پہن کر ناکارہ بنایا۔ مظاہرے کے دوران گراؤنڈ میں آگ لگائی گئی جس کو ابتدائی سطح پر ہی سکول کی تربیت یافتہ طالبات نے بذریعہ فائر ایکسٹیشنر اور پانی سے بجھایا۔ شہری دفاع کے عملی مظاہرے میں دشمن کے ہوائی حملے کے نتیجے میں چھت پر لگی آگ کو ریسکیو 1122 نے بجھایا اور بلڈنگ میں پھنسی طالبات کو سول ڈیفنس نے ریسکیو کر کے ہسپتال منتقل کیا۔ اس موقع پر سول ڈیفنس بم ڈسپوزل اور فائر فائٹنگ کا سٹال بھی لگایا گیا۔
مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر (جنرل) راولپنڈی شیریں گل نے شہری دفاع کے عملی مظاہرے کو سراہا اور کہا کہ یکم مارچ پوری دنیا میں بطور انٹرنیشنل سول ڈیفنس ڈے منایا جاتا ہے اور یہ دن ہمیں اس بات کی یاد دِلاتا ہے کہ ہم نے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی حفاظت کے لئے فائر فائٹنگ، فرسٹ ایڈ اور ریسکیو کی عملی تربیت حاصل کرکے اپنے شہریوں کی حفاظت کرنی ہے۔ تقریب کے اختتام پر کامیاب طالبات کو اعزازی اسناد دی گئیں۔