عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی پاکستان کے لئے بڑا اعزاز ہے، زرتاج گل

123
کامیاب جوان سپورٹس پروگرام نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور ترقی کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہو گا،وزیر مملکت زرتاج گل

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی پاکستان کے لئے بڑا اعزاز ہے، یہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قدرتی ماحول کے تحفظ و بحالی کی کوششوں پر عالمی برادری کے اعتماد کا عکاس ہے، پاکستان اس حوالے سے مزید جامع اقدامات کرے گا۔ وہ ہفتہ کو یہاں عالمی یوم ماحولیات 2021 کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ وزیراعظم عمران خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم، وزراء، ارکان پارلیمنٹ، غیر ملکی سفارتکار، ماحولیات کے شعبہ کے ماہرین اور اعلیٰ حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ زرتاج گل نے کہا کہ ماحولیات کے حوالے سے پاکستان کے لئے دو پہلو انتہائی اہم ہیں۔ پہلا یہ کہ ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ دوسرا یہ کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے باعث رونما ہونے والی قدرتی آفات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 10 ممالک میں اس کا شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کے مستقبل اور آنے والی نسلوں کو محفوظ بنانے کا ویژن رکھتے ہیں،

اس مقصد کے لئے انہوں نے صاف و سرسبز پاکستان کا تصور پیش کیا جس کی روشنی میں حکومت نے ملکی تاریخ کے بڑے منصوبے اور انقلابی پروگرام متعارف کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت اب تک ایک ارب درخت لگانے کا ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔ اس منصوبے سے جہاں جنگلات کے رقبے میں اضافہ ہو گا وہاں 85 ہزار گرین روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کو آلودگی سے بچانے کی کوششوں کے سلسلے میں بجلی پر چلنے والی گاڑیاں متعارف کرائی جا رہی ہیں اور پالیسی کے تحت 2030 تک 30 فیصد گاڑیاں بجلی پر منتقل کی جائیں گی۔

زرتاج گل نے کہا کہ ریچارج پاکستان پروگرام کے تحت بارش اور سیلاب کے پانی کو محفوظ کرکے استعمال کے قابل بنایا جائے گا۔ اس طرح جہاں سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچا جا سکے گا وہاں ملک میں پانی کی دستیابی کی صورتحال بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے ایکو سسٹم کی بحالی، کلائمیٹ سمارٹ ایگریکلچر اور جنگلی حیات کے لئے محفوظ علاقوں کو فروغ دینے کے منصوبوں کو بھی اجاگر کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ قانون سازی کے ذریعے نوجوان طلبا کے لئے 20 درخت لگانے اور انعام کے طور پر امتحانات میں انہیں اضافی 20 نمبر دینے کا پروگرام بھی زیر غور ہے۔ ان اقدامات سے پاکستان میں قدرتی ماحول کو فروغ دینے کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔