عالمی یوم ماہی گیری 21 نومبر کو منایا جائے گا

207
World Fisheries Day
World Fisheries Day

فیصل آباد۔ 20 نومبر (اے پی پی):ملک بھر میں کل 21 نومبر بروزمنگل کو عالمی یوم ماہی گیری (ورلڈ فشریز ڈے) بھرپورطریقے سے منایاجا ئے گا۔

اس سلسلہ میں تمام صوبائی، ڈویژنل، ضلعی ہیڈکوارٹرز پر محکمہ ماہی پروری اور بعض دیگراداروں کے اشتراک سے خصوصی سیمینارزکاانعقاد کیا جائے گا جن سے محکمہ ماہی پروری کے حکام اور آبی حیات سے متعلقہ ماہرین خطاب کریں گے۔

ماہرین ماہی پروری نے بتایاکہ عالمی اداروں کی رپورٹس کے مطابق سمندری ودریائی آبی حیات کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں کیونکہ آبی حیات کی بے رحمی کے ساتھ نسل کشی اور آبی آلودگی نے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آبی حیات کیلئے تباہی مچا رکھی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ 21نومبر کو ہر سال ورلڈ فشریز ڈے منایا جاتاہے جس کامقصد آبی حیات خصوصاً مچھلیوں کی حفاظت کی اہمیت کو اجاگر کرناہوتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ یہ دن اس بات کی بھی افادیت کوروشناس کراتاہے کہ پانی، پانی کے اندر اور باہر ہر دو جگہوں پرزندگی قائم رکھنے کے لئے بنیادی اہمیت رکھتاہے کیونکہ پانی کے بغیر زندگی کاتصور ممکن نہیں خواہ دریاؤں میں، جھیلوں میں ہو یا سمندروں میں ہو۔ دریں اثناعالمی یوم ماہی گیری کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشر جبکہ پرنٹ میڈیا بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کااہتمام کرے گا۔