عام انتخابات میں پولنگ سے پہلے،پولنگ والے دن اور پولنگ کے بعد تمام انتخابی مرحلوں کو مانیٹر کرنے کے لئے الیکشن منیجمنٹ کنٹرول سنٹر قائم

131
الیکشن کمیشن کی تمام صوبائی الیکشن کمشنرز اور ریٹرننگ افسران کو اگلے نصف گھنٹے میں تمام نتائج کا اعلان کرنے کی ہدایت

اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں پولنگ سے پہلے،پولنگ والے دن اور پولنگ کے بعد تمام انتخابی مرحلوں کو مانیٹر کرنے کے لئے الیکشن منیجمنٹ کنٹرول سنٹر قائم کیا ہے جبکہ الیکشن میں تمام انتخابی عمل کی بروقت مانیٹرننگ کے لئے کنٹرول روم قائم کیا جا ئے گا۔

پیر کو کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن، سپیشل سیکرٹری ،ایڈیشنل سیکرٹری کے علاوہ الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں عام انتخابات2023 کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی آئی ٹی ٹیم اور پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے افسران کی جانب سے مختلف آئی ٹی پراجیکٹس پر الیکشن کمیشن کو بریفنگ دی گئی۔

ان پراجیکٹ میں الیکشن مینجمنٹ سسٹم بھی شامل ہے جس کےتحت ریٹرننگ افسران کو نتائج کومرتب کرنے میں سہولت میسر آئے گی اور ان نتائج کو رینٹرننگ افسران کے دفاتر، صوبائی الیکشن کمشنروں کے دفاتر اور الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں لائیو سکرینوں کے ذریعے میڈیا اور امیدواروں کو دکھانے کی سہولت میسر ہوگی۔اس کے علاوہ الیکشن میجمنٹ کنٹرول سنٹر کے قیام پربھی الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا۔جس کا مقصدپولنگ سے پہلے ، پولنگ والے دن اور پولنگ کے بعد تمام انتخابی مرحلوں کو مانیٹر کرنا ہے۔

بریفنگ میں کمیشن کو ریٹرننگ افسران کو سکروٹنی کے دوران انکی سہولت کے لئے قائم کردہ مراکز کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ اس سسٹم کے تحت مختلف محکموں جیسے کہ سٹیٹ بینک،ایف آئی اے،نیب،نادرا اور ایف بی آر کے اشتراک سے آن لائن سسٹم بنایا گیاجس کے ذریعے امیدواروں سےمتعلق مختلف معلومات اور اور دیگر کوائف و ڈیٹا ان محکموں سے چیک کروایا گیا۔اس سسٹم کے تحت امیدوار کی دہری شہریت، بینک نا دہندگی،ایف بی آر اور نیب کیسز کی معلومات فوراً ریٹرننگ افسران کو مہیا کی جاتی ہیں اوریہ معلومات ریٹرننگ افسران کو سکروٹنی میں مددفراہم کرتی ہیں تاکہ وہ قانون کے مطابق کاغذات نامزدگی پر بروقت فیصلہ کر سکیں ۔اس سسٹم کے تحت 8595 امیدواران کا ریکارڈ ان اداروں سے تصدیق کے بعد ریٹرننگ افسران کو مہیا کیا گیا ۔ اس کے علاوہ عام انتخابات میں استعمال ہونے والے مانیٹرننگ سسٹم پر بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ الیکشن میں تمام انتخابی عمل کی بروقت مانیٹرننگ کے لئے کنٹرول روم قائم کیا جا ئے گا ۔

جس میں ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ریٹرننگ افسران کے نمائندئے ہمہ وقت موجود ہوں گے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن پہلی بار عوام کی سہولت اور شکایات کے فوری اندراج کے لئے واٹس ایپ نمبر اور(یواے این) نمبر عوام سے شیئر کرے گاتاکہ عوام اور نمائندے اپنی شکایات وڈیو ، تصاویر یا میسج کی شکل میں الیکشن کمیشن کو بھیج سکیں اور ان شکایات کا ازالہ قانون کے مطابق فوری طورپر یقینی بنایا جاسکے ۔