عام انتخابات کے سلسلے میں چیف سیکرٹری و آئی جی پولیس خیبر پختونخوا کی سربراہی میں اہم اجلاس

141
Election 2024
Election 2024

پشاور۔ 13 جنوری (اے پی پی):خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کی تیاریوں اور سیکورٹی امور کا جائزہ لینے کےلئے چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری و آئی جی پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات گنڈاپور کی سربراہی میں گزشتہ روز اہم اجلاس منعقد ہوا۔

حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں تمام متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ سمیت دیگر محکموں کے سربراہان شریک ہوئے۔ اجلاس میں صوبے کے تمام ڈویژنل کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ و ریجنل پولیس افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اجلاس میں عام انتخابات کے دوران سیکورٹی انتظامات کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ الیکشن کشن کے دن پولیس کی بڑی افرادی قوت سیکورٹی پر مامور ہونگے۔

چیف سیکرٹری کی ہدایت پر دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکار و شہری دفاع کے رضاکار بھی ڈسٹرکٹ پولیس افسران کی نگرانی میں پولیس کی معاونت کے لئے فرائض سرانجام دینگے۔ محکمہ جنگلات سے 1200، وائلڈ لائف 700، ایکسائیز 500، انٹی کرپشن 270، بہبود آبادی (خواتین) 1977، صحت (خواتین) 12 ہزار ملازمین سمیت شہری دفاع سے 4125 رضاکار پولیس کی معاونت کےلئے دستیاب ہونگے۔

اجلاس میں محکمہ ریلف کو سیاسی وابستگی کے بغیر شہری دفاع کے رضاکاروں کی تصدیق کرانے کی ہدایت کی گئی۔تمام انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔اجلاس میں 23 برفانی اضلاع میں بلاتعطل انتخابات کے عمل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں برفباری سے زیریں علاقوں کو نقل مکانی کرنے والے عوام کو ووٹ کی سہولت کے لئے پولنگ سٹیشنز قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ پولنگ اسٹیشنز پر سہولیات کی دستیابی کے حوالے سے فنڈز صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے فراہم کردئے گئے ہیں۔ اس موقع پر پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کروایا جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے جنرل الیکشن 2024ء کے لئے اب تک کے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔