عام انتخابات کے لئے صوبے میں 15737 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے،وزیر اعلی خیبرپختونخوا کو بریفنگ

43
Caretaker Chief Minister Khyber Pakhtunkhwa
Caretaker Chief Minister Khyber Pakhtunkhwa

پشاور۔ 19 جنوری (اے پی پی):عام انتخابات کے لئے صوبے میں 15737 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے، جن میں سے 4,812 پولنگ اسٹیشنز حساس ترین، 6,581 حساس جبکہ 4,344 نارمل قرار دئے گئے ہیں۔

خیبرپختونخواکے اعلی حکام کی جانب سے صوبے میں عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے وزیر اعلی خیبرپختونخوا کو دی جانے والی بریفینگ کے مطابق صوبے میں 1919 پولنگ اسٹیشنز برفانی علاقوں میں ہونگے، خیبر پختونخوا میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2کروڑ 16 لاکھ 92 ہزار 381 ہے،عام انتخابات 2024 کیلئے خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع سمیت جنوبی اضلاع کے حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر 11 سکیورٹی اہلکار فی پولنگ اسٹیشن تعینات کئے جائیں گے۔

خیبرپختونخوا حکام کے مطابق باقی اضلاع کے حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر سات، سات سکیورٹی اہلکار تعینات ہوںگے۔اسی طرح ضم اور جنوبی اضلاع کے حساس پولنگ اسٹیشنز پر سات، سات اور نارمل پولنگ اسٹیشنز پر4،4 اہلکار تعینات کئے جائیں گے جبکہ باقی اضلاع کے حساس پولنگ اسٹیشنز پر 5، 5اور نارمل پولنگ اسٹیشنز پر چار، چار اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔خیبرپختونخوا حکام کے مطابق خیبر پختونخوا میں پہلی دفعہ ضم شدہ اور بندوبستی اضلاع میں بیک وقت صوبائی اور قومی اسمبلیوں کے لئے انتخابات ہونے جارہے ہیں،صوبے میں قومی اسمبلی کی 45 اور صوبائی اسمبلی کی 115 جنرل نشستوں پر انتخابات ہونگے۔خیبرپختونخوا حکام کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کو انتخابات کے لئے 115430 سکیورٹی اہلکار درکار ہیں جبکہ صوبائی حکومت کے پاس 89959 اہلکار دستیاب ہیں۔

اس طرح صوبائی حکومت کو 25471 سکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔ فرانٹئیر کور کے چار ونگز اور فرانٹئیر کانسٹیبلری کے 165 پلاٹونز کی فراہمی کے لئے معاملہ وزارت داخلہ کے ساتھ اُٹھایا گیا ہے۔خیبرپختونخوا حکام کے مطابق وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر عام انتخابات کے لئے مختلف صوبائی محکموں سے 26213 اضافی اہلکاروں کا بندوبست کیا گیا ہے۔خیبرپختونخوا حکام کے مطابق انتخابات کے دن امن و امان کی مانیٹرنگ کے لئے محکمہ داخلہ میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا گیا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے اضلاع کی سطح پر ڈسٹرکٹ کنٹجنسی پلانز ترتیب دئے گئے ہیں۔خیبرپختونخوا حکام کے مطابق عام انتخابات کے لئے سکیورٹی پلانز کے علاوہ ریسکیو ایمرجنسی پلانز اور ہیلتھ ایمرجنسی پلانز بھی ترتیب دئے گئے ہیں، پولنگ اسٹیشنز میں تنصیب کے لئے 5552 سی سی ٹی وی کیمرے دستیاب ہیں جبکہ مزید 11668 کیمروں کی فراہمی کے لئے 986 ملین روپے جاری کئے گئے ہیں۔

اسی طرح خصوصی افراد کی سہولت کے لئے 11689پولنگ اسٹیشنز میں ریمپس موجود ہیں جبکہ مزید 1536 ریمپس تعمیر کئے جارہے ہیں۔خیبرپختونخوا حکام کے مطابق برفانی علاقوں میں انتخابی عمل کے لئے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز نے پلانز ترتیب دیئے ہیں،برفانی علاقوں میں انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں سڑکوں سے برف ہٹانے کے لئے درکار مشینری اور افرادی قوت کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔

خیبرپختونخوا حکام کے مطابق عام انتخابات کے پرامن، صاف اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ہر سطح پر تمام شراکت داروں کے درمیان کوآرڈینیشن کا ایک جامع نظام وضع کیا گیا ہے، پولنگ کے دن سرکردہ سیاسی رہنماوں کی سکیورٹی کے لئے ڈی پی اوز کی سطح پر پلانز ترتیب دئے جارہے ہیں۔