عام انتخابات 2024 ، ضلع راولپنڈی میں پولنگ کا عمل پرامن طریقے سے مکمل ہوا

114
Election
Election

راولپنڈی۔8فروری (اے پی پی):عام انتخابات 2024 میں ضلع راولپنڈی میں پولنگ کا عمل پرامن طریقے سے مکمل ہوا۔ ضلع راولپنڈی میں عام انتخابات 2024 کے لیے 7 قومی اسمبلی اور 14 صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے انتخاب کے لیے پولنگ پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوئی۔ صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔ پولیس کی جانب سے ضلع کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے جہاں ووٹرز نے بغیر کسی خوف کے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا۔

ضلع کے کسی بھی حصے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے لیے 16,500 سے زائد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے سکیورٹی کے فرائض انجام دیئے ۔ حساسیت کے لحاظ سے کیٹیگری اے کے 694 پولنگ اسٹیشنز، بی کیٹیگری کے 1371 اور سی کیٹیگری کے 3425 پولنگ اسٹیشن تھے۔ ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن سید خرم علی کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو ہر قیمت پر یقینی بنایا گیا۔

قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی مانیٹرنگ کے لیے سپورٹس کمپلیکس ، لیاقت باغ میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا۔ کنٹرول روم میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، پاک فوج، ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ اداروں کے فوکل پرسنز موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی ضلع کے تمام حلقوں کے لیے الگ الگ ڈیسک بنائے گئے۔ مرکزی کنٹرول روم سے صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے ریجن بھر میں 2519 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ، تمام اضلاع میں کنٹرول روم بھی قائم کیے گئے ہیں جبکہ ریجنل آفس میں ایک مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا۔ کنٹرول روم میں میڈیا مانیٹرنگ سیل بھی قائم کیا گیا تھا۔ راولپنڈی پولیس کے 9500 سے زائد اہلکاروں نے عام انتخابات 2024 کے لیے سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔