عام انتخابات 2024 کے نتائج ریٹرننگ افسران کی جانب سے جاری کئے جائیں گے، الیکشن کمیشن

80
Election Commission

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):عام انتخابات 2024 کے نتائج ریٹرننگ افسران کی جانب سے جاری کئے جائیں گے، اس مقصد کیلئے 859 مقامات پر میڈیا وال بھی بنائی جائے گی جہاں پر متعلقہ حلقوں کےنتائج آویزاں کئے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق ہر ریٹرننگ افسر کے دفتر میں ڈیٹا انٹری آپریٹرز موجود ہوں گے جو وہاں پر پریذائیڈنگ افسران کی جانب سے موصول ہونے والے پولنگ سٹیشن کے نتائج کو اپ ڈیٹ کریں گے۔

پریذائیڈنگ افسر اپنے پولنگ سٹیشن کا نتیجہ امیدوار وں کے پولنگ ایجنٹس سے دستخط کے بعد آویزاں کرے گا جبکہ اس کی کاپی فوری طور پر ریٹرننگ افسر کو بھجوائی جائے گی ،یہ کاپی وٹس ایپ کے ذریعے فوری طور پر آر او آفس بھجوائی جائے گی جبکہ اس کی ہارڈ کاپی بھی آر او آفس پہنچائی جائے گی۔ انٹرنیٹ کی تیز ترین سروس کے حصول کیلئے ڈی ایس ایل کنکشن کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ریٹرننگ افسر اپنے آفس کے باہر بنی میڈیا وال پر حلقہ کے نتائج جاری کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی کاپی الیکشن کمیشن کو بھی بھجوائے گا۔