عام انتخابات2024، فیصل آباد میں پولنگ خوشگوار ماحول میں جاری رہی

131
Election
Election

فیصل آباد ۔ 08 فروری (اے پی پی):فیصل آباد میں قومی اسمبلی کی 10 اور صوبائی اسمبلی کی 21نشستوں پر عام انتخابات کے سلسلہ میں جمعرات کو دیہی علاقوں کے پولنگ سٹیشنوں پر ابتدامیں ٹرن آؤٹ کی شرح کم رہی تاہم بتدریج ووٹرز کی تعداد میں اضافہ ہو تارہا جبکہ سخت حفاظتی اقدامات کے باعث پولنگ خوشگوار ماحول میں جاری رہی۔

حکومتی ہدایات کی روشنی میں اکثر پولنگ سٹیشنوں پر پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ افسران سمیت معاون انتخابی عملہ صبح 6بجے ہی پہنچ گیا جس نے تمام انتظامات مکمل کرکے ٹھیک صبح 8 بجے امیدواروں کے پولنگ ایجنٹوں کی موجود گی میں پولنگ کاآغاز کردیا۔پولنگ کے موقع پر صبح کے ابتدائی دو تین گھنٹوں کے دوران دیہی علاقوں میں قائم کئے گئے پولنگ سٹیشنز پر ٹرن آؤٹ کی شرح کچھ کم رہی تاہم بعد ازاں اس میں بتدریج اضافہ ہوتا چلا گیا۔

اس موقع پر امیدواران کے حامیوں کی جانب سے ووٹرز کو موٹرسائیکلوں، چنگ چی رکشوں،ویسپا رکشوں، ٹریکٹر ٹرالیوں، ویگنوں اور کاروں وغیرہ کے ذریعے امیدواروں کے انتخابی کیمپوں تک لایا جاتارہا جہاں سے انہیں ووٹوں کی پرچیاں فراہم کی گئیں اور وہ اپنے متعلقہ پولنگ بوتھ پر پہنچ کر ووٹ کاسٹ کرتے رہے۔