ابوظہبی۔17 اکتوبر (اے پی پی) محمد عباس کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف جاری دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں پوزیشن مستحکم ہو گئی، آسٹریلوی ٹیم پاکستان کی پہلی اننگز 282 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 145 رنز پر ڈھیر ہو گئی، عباس اور بلال آصف کی نپی تلی باﺅلنگ کے سامنے کینگروز بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، ایرون فنچ 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ 5 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، عباس نے کیریئر بہترین باﺅلنگ کرتے ہوئے 33 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، بلال نے 3 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ لی، جواب میں پاکستان نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 144 رنز بنا کر مجموعی طور پر 281 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، فخر زمان اور اظہر علی نے نصف سنچریاں سکور بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، فخر 66 رنز بنا کر نمایاں رہے، اظہر علی 54 اور حارث سہیل 17 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=118026