
لاہور۔30مارچ(اے پی پی ) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت’ صنعت و پیداوار’ ٹیکسٹائل و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کے فروغ کیلئے ہر ممکن کو شش کر رہی ہے’جامع معاشی پالیسی کے ساتھ ساتھ درآمدات اور برآمدات کے فرق کو کم کرنے کیلئے روایتی اور غیر روایتی تجارتی منڈیوں کیلئے متحرک اور منفعت بخش مارکیٹنگ پالیسی پر عمل کیلئے برآمدی تاجروں کو ہر ممکن سہولتیں مہیا کی جا رہی ہیں۔ٹیکسٹائل کے حوالے سے فیصل آباد بہت اہمیت کا حامل شہر ہے جس کا ملکی ٹیکسٹائل ایکسپورٹ میں بڑا ہاتھ ہے۔وہ ہفتہ کے روز ایکسپو سنٹر میں دوسری فیصل آباد ایکسپو ۔ 2019کے دوسرے روز مختلف سٹالوں کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر سید ضیاء علمدار حسین ، سینئر نائب صدر میاں تنویر احمد اور نائب صدر انجینئر احتشام جاوید کے علاوہ تاجروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ وزیر اعظم کے مشیر نے فیصل آباد کی معیاری مصنوعات کو اندرون ملک متعارف کرانے کے سلسلہ میں ایکسپو کے انعقاد کا خیر مقدم کیا اور یقین دلایا کہ حکومت پاکستانی مصنوعات کی عالمی سطح پر تشہیر کیلئے بھی ہر ممکن مراعات دے گی۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری مبارکباد کی مستحق ہے کہ جس کا اس ایونٹ کے انعقاد میں اہم کردار ہے۔آج میڈ ان فیصل آبادکا شو ہے جو ہمارے لئے فخر کا مقام ہے۔ صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری سید ضیاء علمدار حسین نے بتایا کہ فیصل آباد کے صنعتی ادارے ترقی یافتہ ملکوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے امریکہ اور یورپ سمیت کئی ملکوں کے ریٹیل سٹورز کیلئے عالمی معیار کے برانڈتیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان برانڈز کو معیار کے حوالے سے دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستانی صنعتکاروں کو اپنے برانڈ بھی متعار ف کرانے چاہیں تاکہ وہ اپنی مصنوعات کی زیادہ بہتر قیمت حاصل کرنے کے علاوہ پاکستان کے پر امن صنعتی اور تجارتی تشخص کو بھی نمایاں کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے گزشتہ سال سے مقامی مصنوعات کی موثر مارکیٹنگ کیلئے فیصل آباد سے باہر نمائشیں لگانے کا سلسلہ شروع کیا ۔ اس سلسلہ میں لاہور میں لگائی جانے والی پہلی نمائش انتہائی کامیاب رہی اور اسے لوگوں کی بڑی تعداد نے نہ صرف دیکھا بلکہ اس کے دوران ریکارڈ خریداری بھی کی گئی تھی۔ انہوں نے میڈ ان فیصل آباد نمائش زبردست دلچسپی لینے پر خاص طور پر لاہور کی خواتین کا بھی شکریہ ادا کیا۔