
اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود کے زیر صدارت جیوگرافیکل انڈیکیشن (جی آئی) کی ترجیحی بنیادوں پر رجسٹریشن کیلئے درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیلئے اجلاس ہوا۔ جمعرات کو منعقدہ اجلاس میں سیکرٹری وزارت تجارت اور چیئرمین انٹیلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (آئی پی او) نے بھی شرکت کی۔
مشیر تجارت نے بتایا کہ چاول کو جیوگرافیکل انڈیکیشن کے طور پر رجسٹر کرانے کے بعد گلابی نمک کی رجسٹریشن کیلئے تیزی سے کام کیا جائے گا۔ انہوں نے مختلف قومی مصنوعات کی بطور جیوگرافیکل انڈیکیشن کی رجسٹریشن اور اہمیت کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعات کی جیوگرافیکل انڈیکیشن سے ملکی معیشت مستحکم اور پاکستان کی تجارت بڑھانے میں مدد ملے گی۔ ا
نہوں نے کہا کہ مصنوعات کی جلد رجسٹریشن سے ملکی مصنوعات کا تحفظ ہوگا اور اس حوالے سے ہونے والی خلاف ورزیوں کا بھی خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے وزارت تجارت کو ہدایت کی کہ وہ جیوگرافیکل انڈیکیشن مصنوعات کی رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنے کیلئے اپنی کاوشیں دگنی کردیں۔