اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر سیفرون لیفٹیننٹ جنرل( ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ آرمی نے بطور ایک ادارہ جنرل راحیل شریف کی کمان میں جو بیڑا اٹھایا تھا جس میں ضرب عضب ہے، بلوچستان سمیت فاٹا اور کراچی کے آپریشنز تھے ان سب کے منصوبے بنائے ہوئے تھے اور اب آنے والے نئے آرمی چیف بھی ان سب منصوبوں کو آگے بڑھائیں گے کیونکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ جنرل راحیل شریف کی ٹیم کا اہم حصہ تھے جو 10 کور میں بھی بطور چیف فرائض سرانجام دے چکے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے جو تابندہ روایات مرتب کی ہیں نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ان روایات کو مزید بہتر اور موثر طریقے سے آگے بڑھائیں گے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کنٹرول لائن پر حالات کشیدہ بنا رہا ہے لیکن بھارتی افواج کو ہماری فوج کے بارے میں کسی قسم کی کوئی غلط فہمی نہیں ہے اور اگر بھارتی سول قیادت کو اس بارے میں کوئی غلط فہمی ہے تو اسے اپنا دماغ درست کر لینا چاہیے