چٹاگانگ۔29نومبر (اے پی پی):عبداللہ شفیق ڈیبیو ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں ففٹی پلس رنز کی اننگز کھیلنے والے پانچویں پاکستانی بلے باز بن گئے۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنا کر یہ اعزاز حاصل کیا۔
عبداللہ شفیق نے بنگلہ دیش کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 52 رنز بنائے تھے جبکہ دوسری اننگز میں وہ 53 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔ پاکستان کی جانب سے اس سے قبل یاسرحمید، عمراکمل، اظہرمحمود اور فخرزمان بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں زیادہ رنز بنانے کا اعزاز یاسرحمید کو حاصل ہے جنہوں نے 2003ءمیں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں بالترتیب 170 اور 105 رنز کی اننگز کھیل کر مجموعی طور پر 275 رنز بنائے تھے، عمراکمل نے 2009ءمیں نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں بالترتیب 129 اور 75 رنز کی اننگز کھیلی تھی،
اظہرمحمود نے 1997ءمیں جنوبی افریقہ کے خلاف کیریئر کے پہلے ٹیسٹ میچ میں 128 اور 50 رنز کی اننگز کھیلی تھی جبکہ فخر زمان نے 2018ءمیں آسٹریلیا کے خلاف کیریئر کے اولین ٹیسٹ میں 94 اور 66 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔