لاہور۔29جون (اے پی پی):معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار شوبازی اور رنگ بازی کے بغیر عوام کی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کر رہے ہیں۔ پنجاب کے عوام کی خدمت کرکے وزیراعلیٰ نے ثابت کیا ہے کہ اداکاری نہیں بلکہ عملی اقدامات اہمیت رکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے عوام دوست،کسان دوست اور مزدوردوست بجٹ پیش کرکے عوام کے دل موہ لئے ہیں اور پنجاب کو حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے منگل کے روز پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی بھی موجود تھے۔ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیراعلیٰ نے حکومتی مشینری کو ہدایات دیتے ہوئے ”خدمت آپکی دہلیز پر“ پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیاہے۔ پانچ ہفتے پر محیط یہ دوسرا مرحلہ یکم اگست تک جاری رہے گا۔ 28جون تا4جولائی ہفتہ برائے صفائی، 5تا11جولائی ہفتہ برائے خصوصی مہم منایا جائے گا۔ 12تا18جولائی ہفتہ برائے سبز و شاداب، 19تا 25جولائی ہفتہ عید الضحیٰ منایا جائے گا۔ 26جولائی تا یکم اگست ہفتہ برائے روڈ سیفٹی منایا جائے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پروگرام کے پہلے مرحلے کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنرز پروگرام پر عملدرآمد کی خود نگرانی کریں۔ شکایات کا ازالہ نہ کرنے والے اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ کوئی مخصوص ہفتہ ختم ہونے کے بعد بھی شہری اس سے متعلق شکایت خدمت ایپ پر درج کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے کے دوران 41لاکھ سے زائد سر گرمیاں سر انجام دی گئیں۔ 25ہزار سات سو 92 شکایات میں سے 22ہزارسات 45 شکایات کابر وقت ازالہ ممکن بنایا گیا۔ شکایات کے ازالے کا تناسب 88فیصد، عوامی اطمینان کا تناسب 79فیصد رہا۔ عوامی خدمت کیا ہوتی ہے پی ٹی آئی حکومت نے دن رات کی محنت اور عوامی خدمت کے منصوبوں سے یہ باور کرا دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر پی ٹی آئی کا ایک اہم مورچہ ہے۔آزادکشمیر کا الیکشن پی ٹی آئی کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔آزادکشمیر کی ہر سیٹ پر امیدوار کھڑا کرکے پی ٹی آئی نے ثابت کردیا ہے کہ وہ بڑی جماعت ہے۔جوں جوں الیکشن آگے بڑھے گا اپوزیشن کی مزیدچیخیں سنائی دیں گی۔معاون خصوصی نے کہاکہ کشمیریوں کا اصل وکیل اور حقیقی سفیر عمران خان ہی ہے۔کشمیریوں کا مستقبل پی ٹی آئی سے وابستہ ہے۔کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ جو مقبوضہ کشمیر میں گونج رہا ہے وہ پورے ملک میں سنائی دے گا۔
پی ٹی آئی اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔مودی کے یار بے مقصد پراپیگنڈہ کر رہے ہیں۔گلگت بلتستان کے انتخابات گواہی دے چکے ہیں کہ یہ کتنی بھی اداکاری کرلیں ان کو شکست ہی ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کی بڑھکیں دیوانے کی بڑھکیں ہیں۔بلاول جو فلم چلانے کی کوشش کر رہے ہیں وہ چلنے سے پہلے ہی فلاپ ہوچکی ہے۔ پی پی پی تمام نشستوں پر امیدوار کھڑا نہیں کرسکی۔مانگے تانگے کے امیدوار لے کر یہ لوگ جیت نہیں سکتے۔ پنجاب اور سندھ میں موسم گرم ہونے کے باعث یہ کشمیر میں ٹھنڈے موسم کا مزا لینے آئے ہیں۔
بلاول بھٹو کشمیر کو چھوڑیں سندھ پر توجہ دیں۔جہاں تھر کے بچے پانی کیلئے بلک رہے ہیں جن سے سندھ میں آوارہ کتے نہیں سنبھالے جا رہے وہ ملک کا بوجھ اپنے کندھوں پر کیسے اٹھائیں گے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ چچا بھتیجی میں جو میچ چل رہا ہے اس میں فیصلہ گھر والوں نے کرنا ہے۔دیکھنا یہ ہے کہ کیا بھتیجی چچا کی مرضی سے کشمیر میں الیکشن کمپین چلا رہی ہے یا نہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ زرداری صاحب آج بھی نیب گئے ہوئے تھے جس دن وہ نیب جاتے ہیں لاغر نظر آنے کی کوششیں کرتے ہیں جبکہ تیتر بٹیر کی دعوتوں پر وہ بالکل ٹھیک ہوتے ہیں۔