عجمان میں رمضان المبارک کے دوران ہر جمعہ کو سرکاری ملازمین کے لئے 100 فیصد ریموٹ ورک پالیسی کا اعلان

165
Sheikh Ammar bin Hameed Al Nuaimi
Sheikh Ammar bin Hameed Al Nuaimi

عجمان۔28فروری (اے پی پی):یو اے ای کی امارت عجمان میں رمضان المبارک میں ہر جمعہ سرکاری ملازمین کے لئے 100 فیصد ریموٹ ورک پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ یومیہ شفٹ کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ 5.5 گھنٹے مقرر کر دیا گیا ۔امارات نیوز ایجنسی وام نیوز کے مطابق عجمان حکومت کے محکمہ انسانی وسائل نے رمضان المبارک کے دوران جمعہ کو تمام مقامی سرکاری ملازمین کے لئے 100 فیصد ریموٹ ورک پالیسی کا اعلان کیا ہے۔

یہ اقدام عجمان کے ولی عہد اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین،شیخ عمار بن حمید النعیمی کی ہدایت پر عمل میں لایا گیا ہے اور متحدہ عرب امارات کے "کمیونٹی کا سال”اقدام کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔محکمہ انسانی وسائل کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق، رمضان المبارک میں سرکاری کام کے اوقاتِ پیر سے جمعرات کو صبح 9:00 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک اور جمعہ کو صبح 9:00 بجے سے دوپہر 12:00 بجے تک ہوں گے۔

سرکلر کے مطابق، عجمان حکومت کے قوانین کے تحت سرکاری اداروں کو ریموٹ ورک پالیسی کے نفاذ میں لچک دی گئی ہے، تاکہ کاروباری تسلسل اور خدمات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔شفٹ سسٹم کے تحت کام کرنے والے اداروں کے لیے کام کے اوقات آپریشنل ضروریات کی بنیاد پر متعین کئے جائیں گے، تاہم یومیہ شفٹ کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ 5.5 گھنٹے ہوگا۔

سرکلر میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ ہر ادارے کا ڈائریکٹر جنرل اپنے ادارے میں لچکدار ورک سسٹم کو نافذ کرنے کا اختیار رکھتا ہے، بشرطیکہ ملازمین مکمل کام کے اوقات پورے کریں اور کسٹمر سروس یونٹس میں سٹاف کی مناسب موجودگی یقینی بنائی جائے تاکہ سروس کی کارکردگی متاثر نہ ہو۔