عدالتی اصلاحات کے معاملے پر اپوزیشن کو سیاسی پختگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے، چوہدری فواد حسین

67

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو قومی مفادات ،ملک میں شفاف انتخابات اور مساوی عدالتی نظام کے نفاذ کیلئے حکومتی کوششوں میں اس کا ساتھ دینا چاہئے، بدقسمتی سے مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کو سپورٹ کرنے کی بجائے ذاتی سیاسی پوائنٹ سکورنگ میں مصروف ہیں۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پوری کوشش ہے کہ آنے والی نسلوں کو کرپشن سے پاک نظام دیا جائے، انتخابی عمل میں شفافیت لانے سے ہی قومی اداروں اور پارلیمنٹ کا اعتماد بحال ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں لیکن یہ تب ہی ممکن ہے جب حکومت ،اپوزیشن اور عدلیہ اس عظیم مقصد کیلئے ایک صفحے پر ہوں، اس معاملے پر اپوزیشن کو سیاسی پختگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ملک میں مہنگائی ہے لیکن وزیراعظم عمران خان اس میں کمی لانے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، کابینہ اجلاس میں بھی وزیراعظم نے اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ مہنگائی پر ہر صورت کنٹرول کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کب سے شروع ہونا ہے اس کا حتمی فیصلہ چاند دیکھ کر رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی لیکن ٹیکنالوجی کے استعمال میں کوئی حرج نہیں، پورے ملک میں کسی تقسیم کے بغیر روزہ ایک دن ہی ہونا چاہئے