لاہور۔20دسمبر (اے پی پی):لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے معروف ڈرامہ نگار و اداکار خلیل الرحمان قمر کے ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کے الزام میں درج مقدمے میں سرکاری گواہوں کو بیانات ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کر لیا۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیس پر سماعت کی ۔ جمعہ کو سماعت پر مقدمہ میں نامزد مرکزی ملزمہ آمنہ عروج اور حسن شاہ سمیت 12 ملزموں کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا ۔مدعی خلیل الرحمان قمر اور ان کے دوست عبدالحفیظ اور دو پولیس اہلکار گواہ کی حیثیت سے پیش ہوئے ۔
ملزمان نے مقدمہ سے دہشتگردی کی دفعات ختم کرنے کی درخواست بھی دائر کی ہوئی ہے۔ گزشتہ روز ملزموں کی درخواست کی وجہ سے گواہوں کے بیانات ریکارڈ نہ ہوسکے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 8 جنوری تک ملتوی کردی۔ملزمان کے خلاف 21 جولائی کو لاہور کے پولیس تھانہ سندر میں خلیل الرحمن قمر کی جانب سے ایک خاتون سمیت دیگر ملزمان پر اغوا، بلیک میلنگ اور گن پوائنٹ پر آئی فون کے ساتھ ساتھ ڈھائی لاکھ روپے سے زیادہ رقم ہتھیانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔