فیصل آباد۔ 23 مئی (اے پی پی):انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمر ایوب اور شبلی فراز کی طرف سے ویڈیولنک کے ذریعے گواہ کا بیان قلمبند نہ کرنے کی استدعا مسترد کردی۔تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 9 مئی کے چاروں مقدمات میں عمر ایوب اور شبلی فراز کے وکلاء جان بوجھ کر پیش نہیں ہورہے تھے
جس کے بعد عدالت نے احکامات جاری کیے تھے کہ مقدمات کے گواہ انسپکٹر عصمت کمال کا بیان ویڈیولنک کے ذریعے قلمبند کیا جائے گا جبکہ ان احکامات کے خلاف عمر ایوب اور شبلی فراز نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ ویڈیو لنک کی بجائے گواہ کو عدالت میں طلب کرکے بیان ریکارڈ کیا جائے
جس پرانسداد دہشت گردی کی عدالت کے سپیشل جج جاوید اقبال شیخ نے ملزمان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گواہ متعدد بار عدالت میں پیش ہوچکا ہے لیکن آپ کے وکلاء کی طرف سے عدالت میں پیش ہونے سے گریز کیا گیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600797