لاہور۔20اگست (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے یو بی ایل کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی میں ایڈمنسٹریٹر مقرر کرنے کے اقدام کے خلاف دائر درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے سیکرٹری کوآپریٹو کو ہدایت کی کہ وہ تمام فریقین کو سن کر قانون کے مطابق دو روز میں فیصلہ کریں۔ عدالت نے درخواست نمٹا دی ۔جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے سوسائٹی کے سیکرٹری امجد سلیم اور دیگر کی درخواست پر منگل کو سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکیل میاں دائود نے عدالت کو بتایا کہ یو بی ایل سوسائٹی میں صدر کے عہدے کے لیے الیکشن کا شیڈول جاری ہوا تھا، لیکن ووٹنگ سے ایک دن قبل رجسٹرار کوآپریٹو نے مینجمنٹ کمیٹی کو معطل کرکے ایڈمنسٹریٹر تعینات کر دیا۔
میاں دائود ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کے لیے مینجمنٹ کمیٹی کے استعفوں کا جواز قانونی نہیں ہے۔ اگر ممبران استعفی دیں گے تو ان کی نشستوں پر الیکشن ہوں گے، نہ کہ ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا جائے گا۔درخواست گزاروں کے وکیل نے الزام لگایا کہ ایڈمنسٹریٹر کو صرف صدر کے عہدے پر الیکشن کے شیڈول اور ووٹنگ کو متاثر کرنے کے لیے تعینات کیا گیا، اور رجسٹرار نے اس تعیناتی سے قبل کسی کو شنوائی کا موقع بھی نہیں دیا۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد سیکرٹری کوآپریٹو کو ہدایت کی کہ وہ تمام فریقین کو سن کر قانون کے مطابق دو روز میں فیصلہ کریں۔ درخواست گزاروں نے یو بی ایل ہائوسنگ سوسائٹی میں ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کو کالعدم کرنے کی استدعا کی تھی۔