عدالت نے 26 ویں آئینی ترمیم کو کالعدم قرار دینے کی درخواست نمٹادی

90

لاہور۔25نومبر (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے 26 ویں آئینی ترمیم کو کالعدم قرار دینے کی دائر درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی ۔عدالت نے رجسٹرار آفس کا یہ اعتراض برقرار رکھا کہ درخواست کے ساتھ کوئی دستاویز منسلک نہیں کی گئی، جو عدالتی طریقہ کار کے خلاف ہے۔

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ "یہ طریقہ کار درست نہیں کہ ایک مسئلے پر پورے ملک کی عدالتوں میں درخواستیں دائر کر دی جائیں۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے شہری نذیر احمد کی درخواست پر سوموار کو ابتدائی سماعت کی، جس میں 26ویں آئینی ترمیم کو آئین پاکستان کے دیباچے کے خلاف قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔

درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم آئین کے دیباچے میں طے کردہ آزاد عدلیہ کے اصول کے خلاف ہے۔عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ چونکہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے لہذا اس پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت نہیں ہو سکتی۔عدالت نے دائر درخواست کو نمٹا دیا۔