اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):عدلیہ، افواج، تعلیم، صحت اور تمام قومی شعبوں میں اقلیتوں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، پاکستان کا قومی جھنڈا اقلیتوں کی حیثیت اور اہمیت کی واضح نشاندہی کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے سرمایہ و نجکاری و صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے اقلیتوں کے دن کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہمارا مذہب بھی اقلیتوں کو ہر لحاظ سے تحفظ اور معاشرتی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، ہمیں معاشرےمیں برداشت، صبروتحمل اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے کاوشیں کرتے رہنا ہو گا، آئین میں درج حقوق ہر اقلیت کے برابری کی سطح پر پاکستانی ہونے کی عملی دلیل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو باہم مل کر وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، اقلیتوں کے قومی دن پر مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کے لئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس قومی گلدستے کو ہمیشہ خوشحال اور تروتازہ رکھے۔