اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ نوازشریف اوران کی جماعت کی طرف سے عدلیہ اورفوج کونشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور پاکستان کی ریاست پرحملہ ہے، ادارے نوازشریف کے پیسے اوردولت کو بچانے میں کوئی کردارادانہیں کریں گے، 11 جماعتوں نے کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود ناکام جلسہ کیا ، فوج کی سینئر اورجونئیررینکس میں تفاوت قائم کرنے کی کوشش ہندوستان کا ایجنڈاہے،جو بات گوروآریا اوراجیت ڈوول کررہے ہیں وہی بات نوازشریف کررہے ہیں، پاک فوج کا ایساکوئی بھی افسرنہیں جنہوں نے اپنے جوانوں کے شانہ بشانہ جنگیں نہ لڑی ہوں، نوازشریف باقی ماندہ قید یہاں گزاریں گے یا وہ پاکستان کے عوام کاپیسہ واپس کردیں۔ ہفتہ کویہاں کنوشن سینٹرمیں وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹرشبلی فراز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگومیں انہوں نے کہاکہ عمران خان نے نومبر2011 میں کہاتھا کہ جب بھی احتساب کاعمل شروع ہوگایہ لوگ اکھٹے ہوجائیں گے، کل رات ہم نے دیکھا کہ امیرزادوں کے ناخلف بچے کس طرح گفتگو کررہے تھے اور بگڑے امیرزادے کس طرح قوم وفوج کوللکاررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ 11 جماعتوں نے کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود ناکام جلسہ کیا اوران سے ایک سٹیڈیم بھی نہ بھراجاسکا،حالانکہ گوجرانوالہ کی اپنی آبادی ملینز اورگوجرانوالہ ڈویژن کی آبادی کروڑوں میں ہے، اپوزیشن اس آبادی میں سے 15 سے لیکر18 ہزارافراد اکھٹاکرپائی ،تنظیم کا حال یہ تھا کہ مولانافضل الرحمان کو رات کے دوبجے خالی کرسیوں سے خطاب کروایاگیا، اگرمولانا صبح حلوے کے ساتھ ناشتہ کا وعدہ کرتے تو شائد کچھ لوگ رک جاتے۔فوادچوہدری نے کہاکہ نوازشرف ایسا ایکٹ کررہے ہیں کہ جیسے وہ کوئی روٹھی ہوئی محبوبہ ہوں، ان کوسمجھ نہیں آرہی کہ وہ کیسا بدلہ لیں کہ انہیں ٹھکرایا کیوں ہے،انہیں وہ وقت ہی نہیں بھولتا جب جنرل ضیاءالحق چوسنی دیکر انہیں سیاسی طورپر جوان کررہے تھے اورجنرل جیلانی ان کے پنگھوڑے کو جھولا دے رہے تھے۔ فوادچوہدری نے کہاکہ وہ مسلم لیگ ن کے لیڈروں سے کہتے ہیں کہ وہ خطرناک کھیل میں نہ پڑے، ہمارا تعلق ایسے علاقوں سے ہیں جہاں کوئی قبرستان ایسا نہیں جہاں کوئی شہید نہیں ، کوئی ایسا گاوں نہیں جہاں غازی نہیں،آپ ہمارے جوانوں، شہدا اورغازیوں کی بے عزتی کا بیانیہ نہ بنائے، فوج کی سینئر اورجونئیررینکس میں جو تفاوت قائم کرنے کی کوشش کی گئی ہے وہ ہندوستان کا ایجنڈاہے۔ فواد چوہدری نے کہاکہ وہ اسلئے نوازشریف کے باہرجانے کے خلاف تھے کیونکہ انہیں معلوم تھا کہ ایسے لوگ باہرجاکر بین الاقوامی ایسٹبلشمنٹ کا اثاثہ بن جاتے ہیں، آج نوازشریف کا جو بیانیہ ہے وہ میجرگوروآریا اوراجیت ڈوول سے الگ بیانیہ تو نہیں ہے، جو بات گوروآریا اوراجیت ڈوول کررہے ہیں وہی بات نوازشریف کررہے ہیں۔ پاک فوج کا ایساکوئی بھی افسرنہیں جنہوں نے اپنے جوانوں کے شانہ بشانہ جنگیں نہ لڑی ہوں،کوئی ایسا جرنیل اورانٹلی جنس ایجنسیوں کا چیف ایسا نہیں جنہوں نے گزشتہ 20 برسوں میں گولیوں کا خودسامنا نہ کیاہوں۔کل ایک 24 سال کاکپتان اپنے جوانوں کے ساتھ شہید ہواہے،آپ جب فوج کے افسران اورجوانوں میں فرق ڈالتے ہیں تو آپ ہندوستان کا بیانیہ آگے بڑھاتے ہیں، اسلئے کل گوجرانوالہ ،ناراوال اورسیالکوٹ کے عوام نے انہیں مستردکردیا، یہ وہ خطہ ہے جس کا دل کشمیر کے ساتھ دھڑکتاہے، کل نوازشریف نے کشمیرپرایک لفظ بھی نہیں کہا۔ انہوں نے کہاکہ جس جج نے فیصلہ کیا وہ آج چیف جسٹس آف پاکستان ہے، آصف سعیدکھوسہ نے توتوسیع کے خلاف فیصلہ دیاتھا، اگرسارے ججز اورپاکستان کاعدالتی نظام ایک دولوگوں کے سہارے چل رہے ہیں توکیاآپ آئین سے غداری کے مرتکب نہیں ہورہے، نوازشریف اوران کی جماعت کی طرف سے عدلیہ اورفوج کونشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے، یہ پاکستان کی ریاست پرحملہ ہے ۔ فوادچوہدری نے کہاکہ پاکستان کے ادارے نوازشریف کے پیسے اوردولت کو بچانے میں کوئی کردارادانہیں کریں گے، کل کے جلسہ میں عوام نے آپ کو مستردکیا ۔ اس سے پہلے الیکشن میں پاکستان کے عوام نے آپ کومستردکردیا تھا۔نوازشریف ایک خطرناک بیانیہ پرکام کررہے ہیں، یہ بیانیہ ناکام ہوگا۔ فوادچوہدری نے کہاکہ جس طرح عمران خان نے کہاتھا کہ یہ احتساب کے نام پراکھٹے ہوں گے،اسی طرح یہ لوگ احتساب کے نام پراکھٹے ہوئے ہیں، یہ سمجھ لیں کہ کیسوں میں انہیں کوئی ریلیف نہیں ملے گا،انشاءاللہ نوازشریف کولندن سے واپس بلایا جائیگا اورباقی ماندہ قید یہاں گزاریں گے یا وہ پاکستان کے عوام کاپیسہ انہیں واپس کردیں ،امید ہیں کہ باقی ماندہ جلسے ختم کردیں گے، کل ان کے غبارے سے ہوانکلی ہے، نون لیگ کے کارکنوں نے ان کا ایجنڈا مستردکیاہے، پی ایم ایل کے اراکین ہمارے ساتھ رابطے کررہے ہیں کہ ہم اس بیانیہ کے ساتھ نہیں چل سکتے۔