عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ پر مذاکرات کے پانچویں دور کے موقع پر پاکستان اور یورپی یونین کا مشترکہ بیان

4
Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):پاکستان یورپی یونین مذاکرات کا عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ پر پانچواں دور اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یورپی یونین اور پاکستان نے بین الاقوامی اور علاقائی امن، سلامتی اور سٹریٹجک استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

بات چیت میں تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاؤ کے مختلف پہلوؤںخاص طور پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی کے ایجنڈے، تخفیف اسلحہ کی کانفرنس اور مختلف بین الاقوامی تخفیف اسلحہ کنونشنز بشمول حیاتیاتی ہتھیاروں کے کنونشن (بی ڈبلیو سی)، کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن (سی ڈبلیو سی) کے حوالے سے امور پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔

بیان کے مطابق اس کے علاوہ مذاکرات نے برآمدی کنٹرول کے حالیہ رجحانات کا جائزہ لیا اور عالمی سلامتی پر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے مضمرات کا جائزہ لیا۔ عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ پر پاکستان۔یورپی یونین ڈائیلاگ یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان وسیع تر مشغولیت کا ایک لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے اسے سلامتی و استحکام اور ہتھیاروں کے کنٹرول، تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاؤ کے مسائل پر تعمیری مشغولیت کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر تسلیم کیا۔

فریقین نے2026 میں برسلز میں مذاکرات کے چھٹے دور کے انعقاد پر باہمی اتفاق کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ برائے آرمز کنٹرول، تخفیف اسلحہ اور بین الاقوامی سلامتی طاہر اندرابی نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ یورپی یونین کے خصوصی ایلچی برائے عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ اسٹیفن کلیمنٹ نے یورپی یونین کے وفد کی قیادت کی۔