عراقی ایئرویز کے ساتھ مل کر بصرہ سے کراچی اور اسلام آباد کے لئے دو خصوصی پروازوں کے ذریعے 268 پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی میں سہولت فراہم کی، دفتر خارجہ

9
Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وزارت خارجہ نے عراقی ایئرویز کے ساتھ قریبی رابطہ کے ذریعے بصرہ سے کراچی اور اسلام آباد کے لئے دو خصوصی پروازوں کے ذریعے پیر کو 268 پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی میں کامیابی سے سہولت فراہم کی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں پروازیں بحفاظت پاکستان پہنچ گئی ہیں۔ وزارت خارجہ عراق میں باقی پاکستانی زائرین کی محفوظ اور بروقت واپسی کو یقینی بنانے کے لئے عراقی ایئرویز اور دیگر تمام متعلقہ عراقی حکام کے ساتھ سرگرم عمل ہے۔

وزارت خارجہ نے عراق میں موجود تمام پاکستانی زائرین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے سفری انتظامات کے بارے میں بروقت اپ ڈیٹس کے لئے بغداد میں پاکستانی سفارتخانے، نامزد مندوبس اور کی متعلقہ ایئر لائنز کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں۔ عراقی ایئرویز اس وقت بصرہ۔ دبئی روٹ پر روزانہ پروازیں چلا رہی ہے۔ بیان کے مطابق آج بعض پاکستانی شہریوں نے اس آپشن سے فائدہ اٹھایا۔

اس راستے سے سفر کرنے میں دلچسپی رکھنے والوں سے کہا گیا ہے کہ بکنگ اور مدد کے لئے قریبی عراقی ایئرویز کے دفتر سے رابطہ کریں جبکہ تمام زائرین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مختصر نوٹس پر سفر کے لئے تیار رہیں۔ بیان کے مطابق وزارت خارجہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور وہ تمام پاکستانی زائرین کی بحفاظت اور منظم واپسی میں سہولت فراہم کرنے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔