عراقی فریقین انتخابات کے حوالے سے اپنے تنازعات کو قانونی طور پر حل کریں ، چین

76

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقبل نمائندے گینگ شوانگ نے کہاکہ عراقی فریقین گزشتہ ماہ کے انتخابات کے حوالے سے اپنے تنازعات کو قانونی طور پر حل کریں ۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے عراق سے مطالبہ کیا کہ وہ گزشتہ ماہ کے انتخابات کے حوالے سے اپنے تنازعات کو قانونی ذرائع سے حل کرتے ہوئے نئی حکومت کی تشکیل کے لیے کام کریں۔

انہوں نے کہاکہ چین نے گزشتہ ماہ عراق میں پارلیمانی انتخابات کے کامیاب انعقاد اور عوام کی کوششوں کو سراہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین نے اقوام متحدہ کے امدادی مشن برائے عراق (یو این اے ایم آئی ) کی جانب سے فراہم کردہ انتخابی حمایت کو مکمل طور پر تسلیم کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ عراق میں تمام فریق پرامن رہیں گے اور تحمل سے کام لیں گے، اپنے مطالبات کا اظہار کریں گے اور اپنے اختلافات اور تنازعات کو آئین اور قوانین کے دائرہ کار میں پرامن طریقے سے حل کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین عراق کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ اتفاق رائے پیدا کرنے، یکجہتی کو مضبوط کرنے اور ایک منظم انداز میں نئی ​​حکومت بنانے کے انتخابات کے ذریعے پیش کیے گئے موقع سے فائدہ اٹھائیں تاکہ قوم کی تعمیر اور ترقی کے حصول میں مزید پیشرفت کے لیے ایک مضبوط سیاسی بنیاد رکھی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ چین وبائی مرض سے لڑنے، معیشت کی ترقی اور لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے میں عراق کی حمایت جاری رکھنے کے لیے باقی عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔