عراق میں پاکستانی سفارتخانہ کے زیر اہتمام پہلی بار "پاکستان سنگل کنٹری” نمائش شروع ہو گئی

112

اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):عراق میں پاکستانی سفارتخانہ کے زیر اہتمام پہلی بار "پاکستان سنگل کنٹری” نمائش شروع ہو گئی۔ افتتاحی تقریب بدھ کو بغداد میں منعقد ہوئی۔نمائش 17مارچ تک جاری رہے گی۔ عراق کے سابق وزیراعظم ایاد علوی اور وزیر برائے نوجوانان و کھیل عدنان دیر جل نے نمائش کا افتتاح کیا۔

ڈپٹی سیکرٹری جنرل کونسل آف۔ منسٹرز، عراقی وزارت خارجہ امور، تجارت کے حکام، صدر عراقی فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس کے علاؤہ عراقی تاجروں، سفیروں اور سفارتی برادری کی بڑی تعداد نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ 84 معروف پاکستانی کمپنیاں اور دو سو سے زائد تاجر پاکستانی مصنوعات کی نمائش اور تشہیر کر رہے ہیں۔

نمائش کنندگان پاکستان کے مختلف شہروں سے ہیں جن میں پاکستانی مصنوعات کے 20 سے زائد شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے ان مصنوعات میں چاول، کھیلوں کا سامان، ٹیکسٹائل، خوراک، اناج، کاسمیٹکس، لاجسٹکس، فارماسیوٹیکل، پنکھے اور سرجیکل آلات شامل ہیں۔ نمائش پاکستانی تاجروں کے لئے عراقی مارکیٹوں تک رسائی کیلئے راہ ہموار کرے گی اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ بھی ہوگا۔