عراق میں کریمین کانگو ہیمرجک بخارکے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ، ڈبلیو ایچ او

68
World Health Organization
World Health Organization

بغداد۔2جون (اے پی پی):ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نےکہا کہ عراق میں رواں سال میں اب تک 200 سے زائد کریمین کانگو ہیمرجک فیور (سی سی ایچ ایف ) کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو اہے۔

ڈبلیو ایچ اوکی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق، عراقی محکمہ صحت کے حکام نے ادارے کو یکم جنوری سے 22 مئی کے درمیان لیبارٹری سے تصدیق شدہ 97 کیسز اور 115 مشتبہ کیسز کی اطلاع دی۔ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ وہاں اب تک اس بخار سے 27 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے 13 لیبارٹری سے تصدیق شدہ کیسز تھے۔

ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ 2021 میں اسی عرصے کے دوران انفیکشن اس سے کہیں زیادہ ہیں جب لیبارٹری سے تصدیق شدہ 33 کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔

ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا کہ عراق میں ان کیسز میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔عراق نے مویشیوں کے مذبح خانوں کے لیے حفظان صحت کے سخت معیارات جاری کیے ہیں، جو مخصوص جگہوں سے باہر مویشیوں کو ذبح کرنے پر پابندی لگاتے ہیں۔

ہفتے کے روز، بغداد کے گورنر محمد جابر العطا نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا اعلان کیا، جس میں وبا کی روک تھام کے لیے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے فوری منصوبے بنانا بھی شامل ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ یہ وائرس بنیادی طور پر جانوروں کو ذبح کے دوران اور اس کے فوراً بعد متاثرہ جانوروں کے خون یا بافتوں سے رابطے کے ذریعے پھیلتا ہے، جس میں اموات کی شرح 40 فیصد تک ہو سکتی ہے۔