قاہرہ۔11جون (اے پی پی):عرب لیگ (اے ایل) کے سیکرٹری جنرل احمد ابوالغیط نے کہا کہ5مغربی ممالک کی طرف سے 2 اسرائیلی وزرا پر پابندی کا مشترکہ فیصلہ خوش آمدید ہے۔ شنہوا کے مطابق گزشتہ روز آسٹریلیا ، کینیڈا، نیوزی لینڈ، ناروے اور برطانیہ نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف تشدد کو بار بار اکسانے پر اسرائیلی سکیورٹی کے وزیر اتمار بین گویر اور وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ پر سفری پابندی عائد کر دی ۔
بدھ کو جاری کردہ عرب لیگ کے بیان کے مطابق سیکرٹری جنرل نے اس پابندی کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ قابض ملک اسرائیل کی حکومت کے عہدیداروں کے غزہ میں ہونے والے تشدد میں واضح اضافے میں ملوث ہونے اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر حملہ کرنے والے اسرائیلی آباد کاروں کو استثنا دینے پر جوابدہ ٹھہرانے کے لئے پابندی عائد کرنے کا اقدام اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پابندی مغربی کنارے اور غزہ دونوں میں جنگی جرائم اور بین الاقوامی انسانی قانون کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں کے مرتکب انتہائی دائیں بازو کے حکومتی اہلکاروں کے مجرمانہ اقدامات کا پردہ فاش کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پابندی کا یہ اقدام فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم پر بین الاقوامی موقف میں توازن پیدا کرنے اور مجرموں کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے عملی اقدامات کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔