عرس حضرت داتا گنج بخش کے موقع پرجامع سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں، سی سی پی او

196
حضرت داتا گنج بخش

لاہور۔6ستمبر (اے پی پی):کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ حضرت داتا گنج بخش کے 980 ویں عرس مبارک کے موقع پرجامع سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں، سالانہ عرس کے موقع پر ملک بھر سے آ نے والے زائرین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔4 ایس پیز، 15ڈی ایس پیز، 53 ایس ایچ اوز، 287 اپر سب آرڈینیٹس سمیت 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکارفرائض سر انجام دے رہے ہیں۔خواتین شرکا کی تلاشی کیلئے لیڈیز پولیس اہلکاربھی تعینات کی گئیں ہیں۔

بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ داتا دربار اور گردونواح کی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہیں جبکہ دربار میں داخلے سے قبل ہر فرد کی مکمل تلاشی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ زائرین کی چیکنگ کیلئے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور الیکٹرک بیرئیرزسمیت دیگر وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں۔ شہر کے داخلی اور اور خارجی راستوں پر سیکورٹی ہائی الرٹ رہے گی جبکہ داتا دربار سے ملحقہ علاقوں میں ڈولفن سکواڈوپی آریوٹیموں کی موثر پٹرولنگ جاری رہے گی۔

بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ متعلقہ پولیس افسران منتظمین دربار سے مسلسل رابطے میں ر ہیں اور دودھ کی سبیلوں و لنگر کی تقسیم کے دوران سکیورٹی کا خاص خیال رکھیں۔ پولیس اہلکار عرس میں شرکت کرنے والے زائرین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور سیکورٹی کے پیش نظر مختص کردہ پارکنگ کے علاوہ کہیں گاڑی، موٹرسائیکل کھڑی نہ ہونے دیں۔ سی سی پی او نے کہا کہ عرس حضرت داتا صاحب اور چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دربارکے احاطے میں داخلے سے قبل ہرفرد کی تلاشی یقینی بنائی جائے اور مشکوک افراد پرکڑی نظر رکھی جائے۔