
اسلام آباد ۔ 24 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیربرائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ نے آئینی اورجمہوری راستے پرچلتے ہوئے علامہ اقبال کے الگ مسلم ریاست کے خواب کو عملی جامہ پہنایا، قائداعظم کی تعلیمات کام، کام اور صرف کام ہمار ے لئے مشعل راہ ہیں، ہمیں صوبوں میں تمام علاقائی زبانوں کو نصاب میں شامل کرنا چاہئے، قائداعظمؒ صرف ہمارے رہنما ہی نہیں بلکہ ایک عالمی مدبربھی تھے ، ایسے رہنما کم ہی دنیا کو نصیب ہوئے ہیں جنہوں نے تاریخ اورجغرافیہ دونوں تبدیل کیا ۔ وہ ہفتے کو یہاں لوک ورثہ میں قائداعظمؒ محمد علی جناح کی سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پرمختلف سکولوں کے بچوں نے پاکستان کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان کے لوک گیت، کلام اقبال اور ملی نغمے پیش کئے۔